(24 نیوز)تعلیم کسی بھی قوم و ملک کیلئے اتنی ہی ضروری ہے جتنی انسان کو زندہ رہنے کیلئے خوراک کی ضرورت ہے اور اگربات کی جائے خواتین کی تعلیم کی تو مشہور لیڈرنپولین نے کہا تھا کہ ’’تم مجھے پڑھی لکھی مائیں دو میں تمہیں اچھی قوم دوں گا‘‘اس بات سے واضح ہے کہ خواتین کی تعلیم معاشرے کی ترقی کیلئے کتنی ضروری ہے ، اسی چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے میران شاہ میں خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے معیاری سکول تعمیر کیا گیا ہے ۔
میران شاہ میں خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک معیاری تعلیمی ادارے کی کمی کو بَرُوئے کار لاتے ہوئے جنوری 2023 میں ایک جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سکول کے قیام کا ارادہ کیا گیا اور تین مہینے کے کم ترین عرصے میں اس سکول کو فعال بنا یا گیا،سکول کا نام ٹوچی آرمی پبلک سکول میران شاہ ہے اور اس کا افتتاح 2 مئی 2023 کو کیا گیا تھا۔
اس سکول میں تعلیم کے معیار کو کسی بھی بڑے شہر کے برابر لانے کے لیے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار اساتذہ، جدید کمپیوٹر لیب اور سائنس لیبز کا قیام یقینی بنایا گیا،سکول میں پلے گروپ سے لے کر میٹرک تک تعلیم فراہم کی جا رہی ہے اور 2 مہینے کے کم ترین عرصہ میں اس کی تعداد 400 طالبات سے تجاوزکر چکی ہے جو کہ اس ادارے کے اعلیٰ معیار کا ثبوت ہے۔
میران شاہ میں امن و امان اور تعلیمی اداروں کے انقلابی اقدامات میں پاک فوج کا بھرپور تعاون اور بیش قیمت قربانیاں شامل ہیں۔