(24نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کر دی گئی۔
احتساب عدالت نے 19 جولائی کو چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت پر حتمی دلائل طلب کرلئے، وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی بھی ضمانت کا کیس ہے،جس پراحتساب عدالت جج نے کہا کہ دونوں کی ایک ہی تاریخ رکھ دیتے ہیں،عدالت نےکیس کی سماعت 19 جولائی تک ملتوی کر دی۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس پر دائر اپیل قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
سیشن جج اعظم خان کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف دائر اپیل پر سماعت ہوئی، پراسیکیوٹر رانا حسن عباس اور درخواست گزار وکیل رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل رضوان عباسی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو دوبارہ نکاح کی ضرورت نہیں تھی، چیئرمین پی ٹی آئی کا نکاح ایک بار ہو چکا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کے نکاح خواں نے اپنا بیان سول عدالت میں ریکارڈ کروایا، نکاح خواں مفتی سعید کے مطابق بشریٰ بی بی کی نکاح سے قبل عدت پوری نہیں ہوئی تھی، کیس کا دائرہ اختیار اسلام آباد میں بنتا ہے کیونکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ بنی گالا تھی۔
سیشن جج اعظم خان نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔