عدت کیس، عمران خان، بشریٰ بی بی کی مرکزی اپیلوں پر سماعت

Jul 13, 2024 | 10:11:AM
عدت کیس، عمران خان، بشریٰ بی بی کی مرکزی اپیلوں پر سماعت
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت نکاح کیس پر سماعت جاری ہے۔

مرکزی اپیلوں پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا کر رہے ہیں، اس موقع پر خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف ایڈووکیٹ اور عمران خان کے وکیل عمران صابر، مرتضیٰ طوری، زاہد ڈار عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل زاہد آصف نے مؤقف اپنایا کہ اگر ملزمان کوئی مزید شواہد پیش کرنا چاہتے ہیں ، تو پیش کر سکتے ہیں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں، مزید کہنا تھا کہ کسی بھی پارٹی سے ان کے فقہ کے بارے میں نہیں پوچھا گیا۔

وکیل زاہد آصف نے دلائل دیے کہ مفتی سعید نے بھی نہیں کہا کہ ملزمان حنفی فقہ سے ہیں، سلمان اکرم راجہ کہتے ہیں کہ ان کے کلائنٹ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شادی کی ہے انہیں عدت کے بارے میں علم نہیں۔

وکیل زاہد آصف کا کہنا تھا کہ تمام تر ذمہ داری بشری بی بی کے کندھوں پر منتقل کی جارہی ہے، شوہر عورت کی قربانیوں کو سائیڈ پر رکھ کر کہہ رہا ہے میں نے کچھ نہیں کیا، خاتون مشکل وقت میں خاوند کے ساتھ کھڑی رہی۔

وکیل زاہد آصف نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایک لیڈر سے ایسی توقع نہیں کی جاسکتی، بیوی بنی گالہ کی آسائش چھوڑ کر اڈیالہ جیل تک چلی گئی، ایسے ہو ہی نہیں سکتا اگر شادی ہوئی تو دونوں ذمہ دار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیوی کیا سوچے گی کہ میری محبتوں کا یہ صلہ دیا، ان حالات میں میں اقبال کی شاعری کا سہارا لوں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 25 نومبر کو اسلام آباد کے سول جج قدرت کی عدالت میں پیش ہو کر بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف دوران عدت نکاح کا کیس دائر کیا تھا، درخواست سیکشن 494/34، B-496 ودیگر دفعات کے تحت دائر کی گئی۔