پائیدار ترقی و خوشحالی کیلئے مشرقی اقوام کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے: صدر آصف زرداری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے مشرقی اقوام کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
بیجنگ میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے زیر اہتمام عالمی ایکشن برائے مشترکہ ترقی کے فورم کے دوسرے اعلیٰ سطح اجلاس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو میں مشترکہ ترقی کو فروغ دے کر دنیا کے مستقبل کو تشکیل دینے کی بڑی صلاحیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک عالمی ترقی کے عمل میں قائدانہ کردار ادا کریں، پائیدار ترقی اور صحت جیسے عالمی چیلنجز کو مشرقی نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ زیادہ تر عالمی آبادی مشرقی ممالک بالخصوص چین، پاکستان اور دیگر ہمسایہ ممالک میں رہائش پذیر ہے، پاکستان، چینی صدر شی جن پنگ اور چین کی جانب سے مشرقی ممالک اور پوری دنیا کی قیادت میں 21 ویں صدی میں آگے بڑھنے کا خواہشمند ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ چین کے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کا مقصد پائیدار ترقی کے ایجنڈا پر عمل درآمد تیز کرنا ہے، پاکستان اور چین گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو پر عمل درآمد کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر چکے ہیں۔