عدت نکاح کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں منطور،عدالت کا بری کرنے کا حکم
میڈیکل بورڈ اور علماء کی رائے سے متعلق دونوں درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں،جج افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کردیئے،تحریری فیصلہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے ان کی7،7سال قیدکی سزائیں معطل کردیں۔
مرکزی اپیلوں پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا کر رہے تھے، سماعت کے دوران خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف ایڈووکیٹ اور عمران خان کے وکیل عمران صابر، مرتضیٰ طوری، زاہد ڈار عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل زاہد آصف نے مؤقف اپنایا کہ اگر ملزمان کوئی مزید شواہد پیش کرنا چاہتے ہیں ، تو پیش کر سکتے ہیں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں، مزید کہنا تھا کہ کسی بھی پارٹی سے ان کے فقہ کے بارے میں نہیں پوچھا گیا،وکیل زاہد آصف نے دلائل دیے کہ مفتی سعید نے بھی نہیں کہا کہ ملزمان حنفی فقہ سے ہیں، سلمان اکرم راجہ کہتے ہیں کہ ان کے کلائنٹ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شادی کی ہے انہیں عدت کے بارے میں علم نہیں۔
وکیل زاہد آصف کا کہنا تھا کہ تمام تر ذمہ داری بشری بی بی کے کندھوں پر منتقل کی جارہی ہے، شوہر عورت کی قربانیوں کو سائیڈ پر رکھ کر کہہ رہا ہے میں نے کچھ نہیں کیا، خاتون مشکل وقت میں خاوند کے ساتھ کھڑی رہی،وکیل زاہد آصف نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایک لیڈر سے ایسی توقع نہیں کی جاسکتی، بیوی بنی گالہ کی آسائش چھوڑ کر اڈیالہ جیل تک چلی گئی، ایسے ہو ہی نہیں سکتا اگر شادی ہوئی تو دونوں ذمہ دار ہیں۔
وکیل زاہد آصف نے کہا کہ بشری بی بی کی جانب سے کہا گیا کہ اپریل 2017 میں زبانی طلاق دی گئی، اگر خاتون کہتی ہے کہ اسے زبانی طلاق دی گئی تو کیا اس کی زبانی بات پر اعتبار کیا جائے گا، زبانی طلاق کی کوئی حیثیت نہیں ہے اس حوالے سے عدالتی فیصلے موجود ہیں، قانون کہتا ہے دستاویزی ثبوت زبانی بات پر حاوی ہو گا۔
وکیل زاہد آصف نے کہا کہ بشری بی بی نے کس بیان میں کہا شادی عدت کے دوران نہںں ہوئی، مفتی سعید نے بشری بی بی کی بہن کے کہنے پر کہ شادی کے لوازمات پورے ہیں نکاح پڑھوایا، کسی جگہ بشری بی بی نے مفتی سعید کو نہیں کہا کہ انکی عدت پوری ہے ، جس بہن نے عدت پوری ہونے کا کہا اسے پھر بطور گواہ لایا جاتا۔
جج افضل مجوکا نے کہا کہ پراسیکوشن کی ڈیوٹی ہے کہ وہ ثابت کرے کہ عدت پوری نہیں، 16وکیل زاہد آصف نے کہا کہ جنوری 2024 کو بشری بی بی پر فرد جرم عائد ہوئی اور صحت جرم سے انکار کیا، بشری بی بی نے نہیں کہا کہ انھوں نے عدت مکمل ہونے پر شادی کی، بانی پی ٹی آئی کا بیان پر فرد جرم عائد ہوئی، جس کے جواب میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ جھوٹا کیس ہے اور لندن پلان کا حصہ ہے اور اس کا مقصد پارٹی کا ختم کرنا اور سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنا ہے۔
وکیل زاہد آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بھی کہیں نہیں کہا کہ انھوں نے عدت مکمل ہونے پر شادی کی، اگر ٹرائل کورٹ میں کوئی غیر قانونی کام ہوا تو کیا کیس ریمانڈ بیک کروانا چاہتے ہیں،وکیل عثمان گل نے کہا کہ ہم کیس ریمانڈ بیک نہیں بلکہ ہائی کورٹ کی ٹائم لائن کے مطابق اپیلوں پر فیصلہ چاہتے ہیں۔
وکیل زاہد آصف نے کہا کہ بشری بی بی کا کوئی بیان دکھا دیں جس میں کہا گیا ہو کہ عدت مکمل کرنے پر شادی کی، پوری کیس فائل میں ایسا بیان موجود نہیں، بطور گواہ عدالت میں پیش ہونے سے بھی دونوں ملزمان نے انکار کیا، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی اس کیس میں بہترین گواہ تھے۔
وکیل زاہد آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی حلف پر اپنے حق میں گواہی دیتے، طلاق ڈیڈ پر ٹمپرنگ کا کہا گیا مگر شواہد پیش نہیں کیے گئے، ہم مطمئن ہیں کہ طلاق ڈیڈ پر کوئی ٹمپرنگ نہیں، اپریل میں کوئی طلاق نہیں دی نومبر 2017 خاور مانیکا نے تحریری طلاق دی۔
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ قرآن پاک میں ہے دوران عدت رجوع کرنے کا حق اور عدت مکمل ہونے پر دوسری شادی کی اجازت دی گئی، عدت کے دوران دوسری شادی کا فیصلہ بھی نہیں کیا جا سکتا، اسلام کہتا ہے کہ اکٹھی تین طلاقوں کو ایک تصور کیا جائے گا، خاور مانیکا نے کہیں نہیں کہا کہ وہ فقہ حنفی سے ہیں وہ بطور مسلمان عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔
وکیل زاہد آصف کا کہنا تھا کہ جب تک عدت مکمل نہیں ہوتی خاتون طلاق دینے والے کی بیوی ہی تصور گی۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا جسے دوپہر 3 بجے سنایا جائے گا۔
بعد ازاں محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے عدالت نے دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کیخلاف مرکزی اپیلیں منظور کرتے ہوئے عمران خان اور ان کی اہلیہ کی7،7سال قیدکی سزائیں کالعدم قرار دے دیں۔
عدالت نے دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا،28 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے جاری کیا ۔
تحریری فیصلہ میں کہا گیا کہ خاور مانیکا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر عدت کے دوران نکاح کا جرم ہونے کا الزام ثابت کرنے میں ناکام رہے۔
تحریر فیصلے کے مطابق خاور مانیکا کے وکیل کے مطابق خاور مانیکا کو رجوع کے حق سے محروم رکھا گیالیکن جرح کے دوران خاور مانیکا نے خود تسلیم کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے نکاح کی خبر انہیں دوسرے روز ہی مل چکی تھی لیکن شکایت داخل کرنےکاخیال انہیں چھ سال بعد آیا؟
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور سابق خاتون اول کو بری کرنے کا حکم دیا ور کہا کہ کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو فوری رہا کیا جائے۔
جج افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کردیئے، عدالت نے کہا کہ میڈیکل بورڈ اور علماء کی رائے سے متعلق دونوں درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 25 نومبر کو اسلام آباد کے سول جج قدرت کی عدالت میں پیش ہو کر بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف دوران عدت نکاح کا کیس دائر کیا تھا، درخواست سیکشن 494/34، B-496 ودیگر دفعات کے تحت دائر کی گئی۔