(24نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بارشوں کے دوران چھتیں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیاہے-
وزیراعلی مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی وتعزیت کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے عوام سے شدید بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کرنٹ سے بچنے کے لئے برقی تنصیبات سے دور رہنے کی بھی اپیل کی ہے-
واضح رہے کہ گزشتہ روز شیخوپورہ میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے چار افراد جاں بحق اور سات شدید زخمی ہوگئے تھے،افسوسناک واقعہ شیخوپورہ شرقپور روڈ محلہ صدیقیہ کالونی میں پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین اور ایک مرد شامل تھے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زیر تعمیر فلائی اوور کے نیچے گڑھے میں بچے کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیاہے-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے واقعے پر ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی او رہدایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر سیفٹی گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے-