بجٹ سے ایک دن پہلے بزدار سے (ن)لیگ اور پیپلزپارٹی کے ارکان کی ملاقات ۔۔ اعتماد کا اظہار 

Jun 13, 2021 | 20:25:PM
 بجٹ سے ایک دن پہلے بزدار سے (ن)لیگ اور پیپلزپارٹی کے ارکان کی ملاقات ۔۔ اعتماد کا اظہار 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (24نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں میاں جلیل احمد شرقپوری، چودھری اشرف علی انصاری، محمد غیاث الدین، محمد فیصل خان نیازی، رئیس نبیل احمد،غضنفر عباس اور اظہر عباس چانڈیا شامل تھے ۔چیف وہیپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ، طاہر بشیر چیمہ، یونس انصاری اور مسعود مجید بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ارکان نے پنجاب کے آئندہ بجٹ میں عوامی فلاح کے لئے شاندار اقدامات تجویز کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کو سراہا۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقوں اورعلاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ا رکان اسمبلی کو مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔ پنجاب کا نیا بجٹ صوبے کے عوام کے لئے ترقی و خوشحالی کا نیا باب رقم کرے گا۔صوبے کی تاریخ میں ترقیاتی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا جا رہا ہے۔ تعلیم،صحت،زراعت، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں کے لئے زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں گے۔انہوںنے کہا کہ ہر ضلع کےلئے علیحدہ ترقیاتی پیکیج بنایا گیا ہے۔کسی ضلع کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے۔ سازشیں کرنے والوں کی منفی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہو چکی ہے۔اب افراتفری نہیں بلکہ عوام کی خدمت کی سیاست چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں۔ تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے سفر کومزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔پی ڈی ایم کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے۔ مسترد شدہ عناصرکی انتشار کی سیاست کو عوام نے رد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جو حشر ہوا ہے وہ سبق آموز بھی ہے اور عبرتناک بھی۔ اپوزیشن کی جا نب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش بری طرح ناکام رہی۔ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اورکرپٹ عناصر کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کی قیادت اور پالیسیوں پر پورا اعتماد ہے۔ عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔واضح رہے کہ کل (پیر) پنجاب کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔
 یہ بھی پڑھیں۔ غیر اخلاقی فلموں کی معروف اداکارہ کی پر اسرار مو ت