(24 نیوز) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کو کوئی ایک ڈالر دینے کو تیار نہیں ہے، چین سے امداد پاک فوج کی وجہ سے ملی ہے۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ سے متعلق کیس میں ضمانت کے لیے عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے میرے خلاف 25 تھانوں میں درخواست دی ہے، 2 میں ضمانت ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لانگ مارچ ۔ توڑ پھوڑ کا کیس.پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 20 جون تک توسیع
اتحادی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ لوگ چین سے امداد ملنے کا شور مچا رہے ہیں، حکومت کو تو کوئی ایک ڈالر دینے کو تیار نہیں ہے، امداد پاک فوج کی وجہ سے ملی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ لاہور اور فیصل آباد کے ضمنی انتخابات میں عوام کو فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی اکثریت حکومت سے جان چھڑانا چاہتی ہے، حکومت کو بے ساکھیوں کا سہارا ہے جو جلد گرنے والی ہیں، بے ساکھیوں کے گرتے ہی حکومت دھڑام سے گر جائے گی۔
دوسری جانب سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ہرانے کے لیے موجودہ حکومت ہمارے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنا رہی ہے، بے بنیاد اور من گھڑت کیسز میں پھسایا گیا ہے، عدالت سے انصاف کی توقع ہے، پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو ہروانے کے لیے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔