عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں غیر معمولی کمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں غیر معمولی کمی ہوگئی،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت تقریباً 3 ڈالر فی بیرل تک گر گئی ہے، برینٹ خام آئل کے سودے 2.95 ڈالر کمی کے بعد 71.84 ڈالر فی بیرل میں طے ہوئے۔
خیال رہے کہ دسمبر 2021 کے بعد یہ خام تیل کی کم ترین قیمت ہے اس کے علاوہ ویسٹ ٹیکساس خام تیل کے سودے 3.05 ڈالرکمی کے بعد 67.12 ڈالر فی بیرل پر طے ہوئے۔
دوسری جانب وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہےکہ روس سے تیل کی فراہمی تسلسل کے ساتھ شروع ہوجائےگی تو قیمتوں میں فرق آئےگا،نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ضرورت کا ایک تہائی خام تیل روس سے لینا شروع ہوجائیں گے تو قیمتوں میں بڑا فرق آئے گا اور اس کا اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف ہےکہ ایک تہائی خام تیل رعایتی قیمت پر روس سے آئے، جب ہم اپنا ہدف حاصل کرلیں گے تو تیل رعایتی قیمت پر ہوگا، اصل قیمت اس وقت نہیں بتاسکتا، تاہم اس کا بہت بڑا فرق آئے گا اور اثر لوگوں کی جیب تک پہنچےگا، ابھی پہلا جہاز آیا ہے، ہمارا ہدف ہے کہ ایک ڈیڑھ مہینے میں تسلسل سے روسی تیل آنا شروع ہوجائے۔
یہ بھی پڑھیں: روسی تیل کی پاکستان آمد ،روس کی جانب سے بڑا پیغام آ گیا
روسی تیل کی خریداری کے حوالے سے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اگر آپ معاہدوں کی پاسداری کریں اور شفافیت رکھیں تو عالمی سطح پر کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، ہم نےکوشش کی ہےکہ عوام کیلئے سستا تیل لےکر آئیں، ہمارا روس کے ساتھ ابھی ایک لاکھ ٹن تیل کی خریداری کا معاہدہ ہوا ہے جو کہ دو جہازوں میں آنا تھا، ایک جہاز آچکا ہے جس کی ترسیل آج شروع ہوجائے گی، دوسرا جہاز بھی ایک ہفتے میں پہنچ جائے گا۔