دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل ، پرویز الٰہی جیل منتقل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے قریبی ساتھی اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو لاہور ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس وحید خان نے پرویز الٰہی کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کے ایڈیشنل سیشن جج صائمہ ریاست کے فیصلے کو معطل کر دیا، جس کے بعد مجسٹریٹ نے پرویز الہی کو واپس جیل بھجوا دیا، لاہور ہائی کورٹ میں پرویز الہی کے وکلا نے ایڈیشنل سیشن جج کے پرویز الہی کا ریمانڈ دینے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
اس سے قبل پراسکیوشن اور پرویز الہی کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نےلاہور ہائی کورٹ کے آڈر کی کاپی وصول ہونے تک اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں چودھری پرویز الٰہی کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ لینے کا معاملہ سامنے آیا تھا ، لاہور ہائیکورٹ نےچودھری پرویز الٰہی کا ایڈیشنل سیشن جج کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا حکم معطل کردیا، عدالت نے اینٹی کرپشن ، تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
چودھری پرویز الٰہی کی درخواست میں ایڈیشنل سیشن جج، اینٹی کرپشن تفتیشی اور جوڈیشل مجسٹریٹ کو فریق بنایا گیا تھا، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 4جون کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے چودھری پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، 12 جون کو ایڈیشنل سیشن جج نے اینٹی کرپشن کی درخواست بلاجواز منظور کر کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ لینے کاحکم دیا، ایڈیشنل سیشن جج نے قانون او رانصاف کے طریقہ کار کو پس پشت ڈال کر جسمانی ریمانڈ دینے کاحکم دیا، تفتیشی افسر اس مقدمہ میں متاثرہ فریق نہیں اس کے باوجود ایڈیشنل سیشن جج نے جوڈیشل ریمانڈ کے خلاف درخواست منظور کی۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ چودھری پرویز الٰہی کےخلاف مقدمات 2برس کی تاخیر سے درج کر کے گرفتاری ڈالی گئی ، چودھری پرویز الٰہی کا جوڈیشل ریمانڈ کالعدم کرنے کے حکم کو غیر قانونی قرار دیا جائے، چودھری پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہی رکھنے کاحکم دیاجائے، درخواست کے حتمی فیصلے تک ایڈیشنل سیشن کے فیصلے کو معطل کیا جائے۔
عدالتی کارروائی کے بعد چودھری پرویز الہی کی کمرہ عدالت سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری طبعیت ٹھیک نہیں ہے 10روز سے جیل کے چھوٹے سے کمرے میں بند ہوں ،جیل کے کمرے میں ہوا کے لیے پنکھا بھی کبھی چلتا ہے کبھی نہیں ،گھروالوں سے ملاقات بھی نہیں کروائی جارہی ۔
صحافی نے سابق وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ چودھری صاحب آپ پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں ؟ پرویز الٰہی نے جواب دیا کہ مجھے ملنے نہیں دیا جا رہا پریس کانفرنس کیسے کر دوں ؟ادھر بھی میڈیا سے بات نہیں کرنے دی جارہی ، آپ میری حالت دیکھ رہے ہیں اس حالت میں پیش کیا ہے ۔