سمندری طوفان بایپر جوائے، پنجاب بھر میں بھی الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سمندری طوفان، آندھی اور طوفانی بارش کے خطرے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے پنجاب کے تمام اداروں و ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جس کے بعد صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انتہائی شدید سمندری طوفان (BIPARJOY) مشرقی اور وسطی بحیرہ عرب میں موجود ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان 14 جون کی صبح تک مزید شمال کی جانب بڑھے گا، سمندری طوفان کی وجہ سے ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہوائیں 14 جون سے داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث لاہور، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین اور نارووال میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
سمندری طوفان/ آندھی/بارشیں
— PDMA Punjab Official (@PdmapunjabO) June 12, 2023
محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے 18 جون کے درمیان پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے pic.twitter.com/7mf1EzjVBX
پی ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ 15 سے 18 جون کے دوران لاہور، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، قصور، جہلم، سرگودھا، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ، منڈی بہاؤالدین، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈی جی خان، ملتان، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موسم کی خرابی کی وجہ سے مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، پنجاب میں آندھی، جھکڑ کے باعث کھڑی فصلوں اور کمزور سٹریکچر کو شدید نقصان کا خطرہ ہے، کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں، تمام اضلاع بروقت انتظامات مکمل کریں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔