(24 نیوز )محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان ’’بائپرجوائے ‘‘کے حوالے سے16واں الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شدید نوعیت کے سمندری طوفان بائپر جوائے کی کراچی کی جانب پیش قدمی جاری ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے 410کلو میٹر اور ٹھٹھہ کے جنوب سے400 کلومیٹر دور ہے، طوفان کے مرکز میں ہوائیں 150 سے 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، طوفان کے مرکز اور اطراف میں 30 فٹ بلند لہریں اُٹھ رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14 جون تک سمندری طوفان شمال مشرق کی جانب بڑے گا،15 جون کی دوپہر کو طوفان جنوب مشرقی سندھ میں کیٹی بند اور بھارتی گجرات کو عبور کرے گا، جس کے باعث 13 سے 17 تک ٹھٹھہ، بدین، سجاول سمیت کچھ مقامات پر 80 سے 120 کلومیٹر کی ہوائیں چلیں گی،تیز ہواوں کے ساتھ شدید موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے، کراچی، حیدرآباد،دادو،ٹنڈو محمد خان ،ٹنڈواللہ یار،شہیدبے نظیر آباد اور سانگھڑمیں 14سے16 جون کےدرمیان آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھاربارش کا امکان ہے،14 جون شام سے 17 جون تک تیز ہواوں سے کمزور عمارتوں، کچے مکانات اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سمندری طوفان بایپر جوائے، پنجاب بھر میں بھی الرٹ جاری
رپورٹ کے مطابق طوفان سے کیٹی بندر پر لہریں 8 سے 12 فٹ بلند ہوسکتی ہیں،نشیبی علاقے زیر اب آنے اور ساحلی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے، محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 17 جون تک کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں،تمام متعلقہ اداروں کو اس دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔