معروف یوٹیوبر راحم پردیسی عرف "نسرین" پر قاتلانہ حملہ

Jun 13, 2024 | 10:49:AM

(24 نیوز) معروف پاکستانی کامیڈین و یوٹیوبر، اداکارو گلوکار  راحم پردیسی عرف "نسرین" پر قاتلانہ حملہ ہوگیا۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر راحم پردیسی کی زخمی حالت میں تصویر وائرل ہوئی تھی,تصویر میں راحم پردیسی کو زخمی حالت میں دیکھا جاسکتا ہے، تصویر میں یوٹیوبر کے سر پر چوٹ لگی ہوئی تھی جبکہ اُن کی شرٹ پھٹی ہوئی تھی, جس سے متعلق صارفین کا کہنا تھا کہ یہ جعلی ہو سکتی ہے۔

انٹر نیٹ صارفین کی جانب سے اس تصویر پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج کل پتہ نہیں چلتا کہ یوٹیوبرز واقعی سچ بول رہے ہیں یا کوئی"پرینک" کر رہے ہیں۔

بعدازاں، راحم پردیسی نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ جاری کی جس میں اُنہوں نے بتایا کہ نشے میں دھت کچھ غنڈوں نے اُن پر حملہ کردیا تھا, راحم پردیسی نے مداحوں کو اپنی خیریت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں زیادہ چوٹ نہیں آئی لیکن وہ بہت جلد اس حملے میں ملوث افراد کو پکڑ لیں گے۔

یوٹیوبر نے اپنے مداحوں کی دُعاؤں کا شکریہ ادا کیا اور مزید کہا کہ وہ حملہ آوروں سے پیشہ ورانہ طور پر نمٹیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:میرے جنون میں مبتلا ایک لڑکی نے اپنی منگنی توڑ لی ، سونم باجوہ

خیال رہے کہ راحم پردیسی کی دو بیویاں ہیں، اُن کی پہلی بیوی سمیرا سے 3 بچے ہیں جبکہ اُن کی دوسری بیوی کا نام سومیا ہے جوکہ  پیشے کے لحاظ سے ایک ڈاکٹر ہیں، راحم پردیسی نے اپنی یوٹیوب ویڈیو میں انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنی دونوں بیویوں کے ساتھ پُرسکون اور خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔

واضح رہے کہ راحم پردیسی اپنے کردار "نسرین" کے سبب خوب جانے جاتے ہیں، ان کی مزاحیہ ویڈیوز سوشل میڈیا صارفین میں نمایاں شہرت رکھتی ہیں۔

مزیدخبریں