مریم نواز کو نقصان پہنچا تو پاکستان کھپے کا نعرہ نہیں لگائیں گے، جاوید لطیف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ اگر پارٹی نائب صدر مریم نواز کو کوئی نقصان پہنچا تو ہم ’پاکستان کھپے‘ کا نعرہ نہیں لگائیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا جب پاکستان پیپلز پارٹی کی سربراہ بینظیر بھٹو کے ساتھ حادثہ پیش آیا تھا تو ان کے ورثا نے پاکستان کھپے (پاکستان چاہیے) کا نعرہ لگایا تھا لیکن ہم وہ نعرہ نہیں لگائیں گے۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ اگر مریم نواز کو کچھ ہوا تو اس میں جو لوگ ملوث ہوئے پاکستانی قوم انہیں کٹہرے میں کھڑا کروا دے گی۔
گزشتہ روز ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی صاحبزادی مریم نواز کو دھمکیاں مل رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مریم کو کچھ ہوا تو عسکری قیادت اس کی ذمہ دار ہوگی۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ن لیگی رہنما پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جاوید لطیف جیسے رہنمائوں کی پاکستان سے وفاداری ایک الیکشن کی ہے، انہیں نہ بات کرنے کی تہذیب ہے اور نہ ہی علم و عقل، ان جیسے سیاستدان ہار جائیں تو ملک کے خلاف سازشیں کریں گے۔
معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھا کہ جاوید لطیف کا بیان سن کر بہت افسوس ہوا، اس بیان کی مذمت کرتا ہوں، انہیں اپنا بیان واپس لینا چاہئے۔ دعا ہے کہ اللہ نواز شریف اور مریم نواز کو لمبی زندگی ہے، سیاست ہوتی رہتی ہے لیکن ایسا بیان نہیں دینا چاہئے۔