ہمیں نام پر مہر لگانے کا کہا گیا۔۔ 7 سینیٹرز سامنے آگئے !!!

Mar 13, 2021 | 09:38:AM

(24نیوز)سابق وزیراعظم اور چیئرمین سینٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے نام پر مہر لگانے والے 7 ارکان سامنے آگئے . اپوزیشن اتحاد کے سینیٹرز نے خانے کی بجائے نام کے اوپر مہر لگانے کی وضاحت بھی کردی۔

چیئرمین سینٹ کے انتخابات میں 7 ووٹ مسترد ہونے کا معاملہ مزید واضح ہو گیا۔ مہر لگانے والے 7 ارکان سامنے آ گئے۔پیپلز پارٹی نے رپورٹ سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو پیش کر دی۔ ساتوں افراد نے الیکشن کے عملے سے ووٹنگ کا طریقہ پوچھا اورعملے نے انہیں بتایا کہ ڈبے میں نام پرمہر لگانی ہے ۔ان ارکان کے مطابق اس عمل میں کوئی بدنیتی شامل نہیں۔

واضح رہے کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی سینٹ میں اپوزیشن کی اکثریت کے باوجود ہار گئے۔7 ووٹ مسترد ہونے کی وجہ سے گیلانی 42ووٹ حاصل کر سکے۔،ان 7ووٹوں پر ارکان نے خانے کی بجائے یوسف رضا گیلانی کے نام پر مہر لگائی تھی۔رزلٹ کے باضابطہ اعلان کے بعد صادق سنجرانی نے چیئرمین سینٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

واضح رہے کہ 100ارکان کے ایوان میں 98ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا۔ن لیگ کے اسحاق ڈار بیرون ملک ہونے کے باعث ووٹ کاسٹ نہ کر سکے جبکہ جماعت اسلامی کے مشتاق احمد خان نے بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
۔یاد رہے کہ3مارچ کو ہونے والے سینٹ الیکشن کے نتائج کے مطابق حکومتی اتحاد کو 47اور اپوزیشن اتحاد کو 51ارکان کی حمایت حاصل تھی۔

مزیدخبریں