(24نیوز)کورونا کی نئی لہر کے بعد پنجاب میں نافذ پابندیوں اور کاروباری سرگرمیوں کے اوقات میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
محکمہ صحت کے مطابق نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہوگا اور 29 مارچ تک نافذ العمل رہے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں کاروباری مراکز شام 6 بجے بند جبکہ ہفتہ اور اتوار کو کام کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، صوبے کے تمام سرکاری ونجی دفاتر 50 فیصد سٹاف کے ساتھ کام کی پالیسی پرکاربند ہوں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد کے تمام انڈور،آؤٹ ڈور میرج ہالز 15 مارچ سے بند ہوں گے جبکہ کمیونٹی سینٹرز اور مارکیز بھی 15مارچ سے مکمل طور پر بھی بند کردیئے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد کے ریسٹورینٹس اور کیفے میں انڈور ڈائننگ بند ہوگی جبکہ لاہور،راولپنڈی،سرگودھا،ملتان، گوجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد میں سماجی ومذہبی تقریبات کے لئے 50 افرادکی اجازت ہوگی ۔7 بڑے شہروں کے علاوہ باقی اضلاع میں 300 سے زائد افرادکے جمع ہونے پرپابندی عائد کی گئی ہے۔اس کے علاوہ تمام مزارات، درگاہیں اور سنیما ہالز بھی مکمل طور پر بند ہوں گے جبکہ تمام تفریحی مقامات اورپارکس شام 6 بجے بند کردیئے جائیں گے تاہم میڈیکل سٹورز، لیبارٹریاں اور کولیکشن پوائنٹس پورے ہفتے 24گھنٹے کھلے رہیں گے، جنرل اسٹورز، چکیاں، فروٹ، سبزی، تندور، پنکچر شاپس، ورک شاپس، اسپیئرپارٹس، فلنگ پلانٹس، زرعی مشینری و آلات کی دکانیں اور پٹرول پمپ بھی پورے ہفتے 24گھنٹے کھلیں گے۔