حکومت کا ایک اور کارنامہ ،گردشی نوٹوں کی مالیت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

Mar 13, 2021 | 19:51:PM

(24 نیوز)حکومت کے اخراجات اتنے بڑھ گئے کہ اربوں روپے کے قرضے بھی کم پڑ گئے، نئے نوٹ چھاپنا پڑے، حکومت نے ایک ماہ میں 207 ارب روپے کے نئے نوٹ جاری کئے، ملک میں زیر گردش نوٹوں کی مالیت ملکی تاریخ میں پہلی بار 6 ہزار 885 ارب روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق اربوں روپے کے قرضے بھی فروری کے دوران حکومتی اخراجات پورے نا کر سکے، نئے نوٹ چھاپنے کا سلسلہ تیز ہو گیا۔ اسٹیٹ بینک کے اعدادو شمار کے مطابق فروری کے دوران حکومت کی طرف سے مجموعی طور پر 206 ارب 89 کروڑ 40 لاکھ روپے کے نئے نوٹ جاری کئے گئے جس کے باعث اس دوران ملک میں زیر گردش نوٹوں کی مجموعی مالیت 68 کھرب 84 ارب 92 کروڑ 40 لاکھ روپے کی رکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
پی ٹی آئی حکومت اپنے 30 ماہ میں اب تک مجموعی طور پر 20 کھرب 37 ارب روپے کے نئے نوٹ جاری کر چکی ہے جبکہ مسلم لیگ ن حکومت نے اپنے 60 ماہ میں 25 کھرب 52 ارب روپے اور پیپلز پارٹی نے اپنے 60 ماہ میں 10 کھرب 11 ارب روپے کے نئے نوٹ جاری کئے تھے۔
 حکومت نے فروری کے دوران بجٹ اخراجات پورے کرنے کیلئے کمرشل بینکوں سے 180 ارب 93 کروڑ روپے کا نیا قرض بھی لیا، رواں مالی سال کے دوران اب تک حکومت بجٹ اخراجات پورے کرنے کے لیے کمرشل بینکوں سے مجموعی طور پر 11 کھرب 75 ارب روپے قرض لے چکی ہے۔

مزیدخبریں