مس گائیڈ کر نے پر سیکرٹری سینٹ کو جیل میں ڈالا جائے، سعید غنی

Mar 13, 2021 | 23:34:PM
مس گائیڈ کر نے پر سیکرٹری سینٹ کو جیل میں ڈالا جائے، سعید غنی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ ہمارے ووٹرز نے دیانتداری سے پارٹی ہدایت کے مطابق ووٹ دیا ہے، اگر ووٹر کو ووٹ مسترد کرانا ہوتا تو وہ بیلٹ پیپرکو خالی چھوڑ آتا،ووٹ مسترد ہونے پرعدالت سے رجوع کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ ہمارے ووٹرز نے جان بوجھ کر ووٹ خراب نہیں کئے، ہمارے7 ووٹ جینوئن تھے جن کومسترد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ شبلی فراز نے کہا تھا کہ سینٹ الیکشن جیتنے کیلئے ہر حربے استعمال کریں گے، ان کا لہجہ بتارہا تھا کہ حکومت ہرحال میں سینٹ الیکشن جیتنا چاہتی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مصطفی نواز کھوکھر اور مصدق ملک نے پولنگ بوتھ سے خفیہ کیمرے پکڑے، کیمرے کے منصوبہ سے حکومت نے اپنے ووٹرز کو خوفزدہ کیا، کیمرے کا ڈرامہ پکڑنے پر حکومت نے کہا کہ یہ اپوزیشن نے لگائے تھے، اگر اپوزیشن نے لگائے تو سیکریٹری سینٹ کو برطرف کرو۔
انہوں نے کہا کہ فاروق ایچ نائیک نے سیکریٹری سینٹ سے رابطہ کیا، فاروق ایچ نائیک، علی قاسم گیلانی اور میں سیکریٹری سینٹ کے پاس گئے۔سعید غنی نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں کیمرے لگ سکتے ہیں بیلیٹ پیپر میں بھی گڑبڑ ہوسکتی ہے، ہم نے سکریٹری سینیٹ سے کہا کہ بیلیٹ پیپر پر کوئی اور نشان نہیں ہونا چاہئے، ایک ممبر نے شیری رحمن سے کہا کہ نام پر مہر لگا دی ہے یہ ٹھیک ہے۔شیری رحمن نے سیکریٹری سینیٹ سے پوچھا تو انہوں نے نام پر مہر لگانا ٹھیک ہے۔ سیکریٹری سینیٹ نام بتائے کس نے کیمرے لگائے۔
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے نام کے آگے الگ سے خانہ نہیں تھا، ایک ہی خانہ تھا، جان بوجھ سے ووٹ مسترد کرنے کے تاثر کو رد کرتا ہوں، ہمارے ووٹرز نے جان بوجھ کر ووٹ خراب نہیں کئے۔سعید غنی نے کہا کہ اگر ووٹ مسترد کرانا ہوتا تو دونوں خانوں میں مہر لگانا آسان ہوتا، سات نشانات یوسف رضا گیلانی کے باکس اور نام پر لگے تھے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ مظفر شاہ صاحب کا لہجہ رعونت والا تھا، مظفر شاہ کو فون کے علاوہ بھی بہت کچھ آیا ہوگا، فون پر اتنی تابعداری نہیں ہوسکتی۔ مظفر شاہ نے بددیانتی پر مبنی رولنگ دی ہے، غیرقانونی رولنگ دی ہے، مظفرشاہ نے ہارے ہوئے صادق سنجرانی کو زبردستی کامیاب قرار دیا گیا۔