کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی، کے پی او حملے کا ماسٹر مائنڈ ہلاک

Mar 13, 2023 | 10:42:AM

(امتیاز علی) کراچی پولیس آفس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔

حکام کے مطابق سی ٹی ڈی نے شہر قائد کے علاقے منگھو پیر مائی گاڑی مزار کے قریب خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس میں کراچی پولیس آفس حملے کا ماسٹر مائنڈ اریاد اللّہ ہلاک ہوگیا۔

حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کے پی او حملے کے مسٹر مائنڈ اریاد اللّہ سمیت 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: خیرپور، پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق اریاد اللہ ٹی ٹی پی کراچی کا کمانڈر تھا، ملزمان کے قبضے سے خودکش جیکٹ، 5 چھوٹے بڑے ہتھیار اور 2 موٹرسائیکل برآمد کیے گئے ہیں۔ خودکش جیکٹ کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔

یاد رہے کہ 17 فروری کی شب دہشت گردوں نے کراچی پولیس ہیڈ آفس پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوئے تھے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے تھے۔

اس حوالے سے سی ٹی ڈی حکام کا مزید کہنا تھا کہ اس کارروائی کے بارے میں آج اہم تفصیلی پریس کانفرنس کی جائے گی جبکہ قانونی ضابطے کی کارروائی کیلئے دونوں دہشتگردوں کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مزیدخبریں