نگران پنجاب حکومت کا رمضان میں عوام کو مفت آٹے کی فراہمی کا فیصلہ 

Mar 13, 2023 | 18:37:PM

This browser does not support the video element.

(علی رامے)نگران پنجاب حکومت رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو مفت آٹے کی فراہمی کا تاریخ ساز فیصلہ کیا ہے،ایک خاندان رمضان المبارک کے دوران شناختی کارڈ کے ذریعے 10 کلو آٹے کے 3 تھیلے فری لے سکے گا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا10 واں اجلاس ہوا،صوبائی وزرا ،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اجلاس میں شریک ہوئے، سیکرٹری خوراک نے کابینہ کو خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام کے خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی ۔
پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کے تعاون سے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اور منفرد رمضان ریلیف پیکیج کااعلان کردیا ، پنجاب کابینہ نے رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو مفت آٹے کی فراہمی کا تاریخ ساز فیصلہ کیا ،پنجاب کابینہ نے53ارب روپے کے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے انقلابی پروگرام کی منظوری دےدی ،خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت60ہزار روپے سے کم آمدن والے خاندانوں کو آٹے کے تھیلے مفت دیئے جائیں گے،ایک خاندان رمضان المبارک کے دوران شناختی کارڈ کے ذریعے 10 کلو آٹے کے 3 تھیلے فری لے سکے گا،تقریباً ایک کروڑ 50 لاکھ خاندان اور 10 کروڑ افراد مفت آٹے کے پیکیج سے مستفید ہوں گے۔
مفت آٹے کے پیکیج سے تقریباً پنجاب کی 90فیصد آبادی مستفید ہوسکے گی،مخصوص کریانہ سٹورز، ٹرکنگ پوائنٹس اور یوٹیلیٹی سٹورز پر مفت آٹا دستیاب ہوگا،خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کا آغاز 25شعبان سے کیاجائے گا،یہ پیکیج 25رمضان المبارک تک جاری رہے گا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبہ بھر میں مفت آٹے کی فراہمی کیلئے سٹورز اور ٹرکنگ پوائنٹس مزید بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے بڑے سٹورز کو بھی مفت آٹے کی فراہمی کے لئے خصوصی کاؤنٹرزبنانے کا پابند کیاجائے۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کیلئے سافٹ ویئر تیار کر لیا،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹر ڈ گھرانے مفت آٹے کا خصوصی پیکیج لے سکیں گے،غیر رجسٹرڈ اہل خاندان بھی فون کے ذریعے رجسٹریشن کرا کر مفت آٹا حاصل کرسکیں گے،کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈپی اوز اپنے متعلقہ اضلاع میں مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام کی مانیٹرنگ کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مفت آٹے کی فراہمی کے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کی بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میرے سمیت صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس او رپوری انتظامی مشینری اس نیک کام کی کامیابی کے لئے فیلڈ میں موجود رہے گی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ اس پروگرام کی کامیابی کیلئے سب نے دن رات محنت کرنی ہے،یہ قومی ذمہ داری بھی ہے اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین موقع بھی۔ 

یہ بھی پڑھیں:وزیر خزانہ لگژری گاڑیاں استعمال کرنیوالے افسران پر برہم، کابینہ ڈویژن کو واپس لینے کی ہدایت

مزیدخبریں