نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کا نام تبدیل، نیا نام کیا ہے؟

Mar 13, 2023 | 19:19:PM

(24 نیوز) کمیٹی نجم سیٹھی کی زیرِصدارت پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کا نام تبدیل کرکے اصل نام نیشنل کرکٹ اکیڈمی دوبارہ بحال کرنے کی منظوری دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کا اجلاس  نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کی۔ اجلاس میں پاکستان کرکٹ امور کا تفصیلاََ جائزہ لیا گیا اور  نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کا نام تبدیل کرکے اصل نام نیشنل کرکٹ اکیڈمی دوبارہ بحال کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔اجلاس میں پی سی بی 2014 آئین کے تحت  گورننگ بورڈ میں چار ریجنل اور چار ڈیپارٹمنٹل نمائندے شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پی سی بی میں جمہوری عمل کے آغاز کے عمل کا جائزہ لیا گیا اور بورڈ کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی اراکین کو ویمن نمائشی میچوں پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ غیر ملکی ویمن کرکٹرز نے میچز کو بہترین قرار دے کر ویمن لیگ کا حصہ بننے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

مزید پڑھیں: پاک افغان سیریز کیلئے منصور رانا قومی ٹیم کے مینجر برقرار

کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ ایج گروپ کرکٹ میں انڈر 13 اور انڈر 16 ٹورنامنٹ شروع ہو چکے ہیں۔ کمیٹی کی جانب سے آئی سی سی اور اے سی سی اجلاس کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔

اجلاس میں باہمی مشاورت اور رضا مندی سے ٹورنامنٹ ایویلویشن کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی سربراہی چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کریں گے اور ڈومیسٹک کمیٹی کے چیئرمین شکیل شیخ، چیف سلیکٹر ہارون رشید کمیٹی کے اراکین ہوں گے جبکہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ  اورشعبہ ڈومیسٹک کرکٹ کے نمائندے  بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی 18 سے 20 مارچ تک آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

مزیدخبریں