(شاہ زیب حسین) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ عدیل آرکیڈ سے دو کم عمر بہن بھائی مبینہ طور پر لاپتا ہو گئے ہیں، لاپتا بچے ایان اور انابیہ رات 11 بجے کے بعد کسی وقت گھر سے نکلے لیکن پھر واپس نہیں آئے۔
بچوں کے اس طرح لاپتا ہوجانے پر ان کی والدہ شمائلہ ناز نے انہیں ہر جگہ ڈھونڈنے کی کوشش کی، سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کیا مگر کچھ پتا نہیں چلا، انہوں نے دردمندانہ انداز میں شہریوں سے اس ضمن میں معلومات شیئر کرنے کی اپیل کی ہے۔
شمائلہ ناز نے بتایا کہ ان کے بچے کہیں نہیں جاتے تھے، اس رات برگر لینے نیچے اترے اور 25 منٹ تک واپس نہیں آئے تو ان کے بھائی دیکھنے گئے لیکن بچوں کا کچھ پتا نہیں ملا۔
یہ بھی پڑھیے: انڈونیشیا؛ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی اجتماعی خود کشی،تحقیقات میں ہاتھ باندھے جانے کا انکشاف
اس حوالے سے شمائلہ نے مزید بتایا کہ شوہر سے میری 8 سال پہلے علیحدگی ہوچکی ہے، علیحدگی کے بعد انہوں نے دوسری شادی کرلی تھی، میں دبئی شفٹ ہوگئی، میں نے بچوں کو تعلیم کے سلسلے میں اپنی والدہ کے پاس چھوڑاہوا تھا۔
بچوں کے والد راشد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آٹھ سال سے بیوی سے علیحدگی ہوچکی ہے، بچوں کا خیال رکھنا نانا، نانی کے ذمہ داری تھی، ایک سال سے بچوں سے ملا بھی نہیں۔
ایس ڈی پی او نارتھ ناظم آباد محمد عاصم اور ایس ایچ او حیدری مارکیٹ ملک خادم نے بچوں کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور معلومات اکٹھی کیں، اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے والدین میں علحیدگی ہوچکی ہے، بچوں کی کسٹڈی کیلئے والدین میں تنازعہ چل رہا ہے، اس ضمن میں مقدمہ درج کرکے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔