دورانِ میچ افغان کھلاڑیوں کی میدان میں روزہ افطار کرنے کی ویڈیو وائرل

Mar 13, 2024 | 22:42:PM

(ویب ڈیسک) افغانستان اور آئریلینڈ کے مابین ہونے والی سیریز کے تیسرے میچ کے دورانِ بیٹنگ کرتے افغان کھلاڑیوں کی روزہ افطار کرنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

گزشتہ روز شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان 3 میچز پر مشتمل سیریز کا آخری ون ڈے میچ کھیلا گیا, میچ کے دوران افغان بلے بازوں نے میدان میں روزہ افطار کیا اور ساتھی کھلاڑیوں نے ڈریسنگ روم میں نماز ادا کی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ڈیف کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء پاکستان نے اپنے نام کرلیا

آئرلینڈ کی دعوت پر افغانستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی، افغانستان کی اننگز کے دوران جیسے ہی مغرب کا وقت ہوا تو میچ کو کچھ لمحے کے لیے روکا گیا، اس دوران بیٹنگ پر موجود افغان بیٹر محمد نبی اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے میدان میں ہی روزہ افطار کیا جبکہ ڈریسنگ روم میں موجود دیگر افغان سکواڈ نے بھی روزہ کھولا اور نماز ادا کی۔

افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرکٹر کے میدان میں روزہ افطار کرنے کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں محمد نبی اور حشمت اللہ کو کھجور اور پانی کے ساتھ روزہ افطار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

فیصلہ کن میچ میں افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز اسکور کیے، رحمان اللہ گرباز 51، حشمت اللہ 69 اور محمد نبی 48 رنز بناکر نمایاں رہے، 237 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم صرف119 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور افغانستان نے 117 رنز سے میچ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی۔

مزیدخبریں