کمائی میں برکت کا تعلق مرد و عورت سے نہیں حلال و حرام سے ہے:نادیہ خان

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ اور میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ کمائی میں برکت کا تعلق مرد یا خاتون سے نہیں بلکہ حلال و حرام سے ہوتا ہے۔
نادیہ خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے رمضان پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ کسی بھی فرد کی کمائی میں برکت کا تعلق ایک تو حلال اور حرام سے ہوتا ہے، دوسرا اس شخص کی کتنی کمائی ہے، اس سے ہوتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ خدا نے مرد اور خواتین کو برابر درجہ دیا ہے، دونوں کی کمائی میں کوئی فرق نہیں، البتہ جس کی کمائی جتنی ہوگی، اس میں برکت بھی ایسی ہی ہوگی، مذہب اسلام نے بھی مرد اور عورت کی کمائی میں کوئی تفریق نہیں رکھی، اسلام میں بھی عورت کو کاروبار کرنے کی اجازت ہے لیکن بدقسمتی سے ہم مذہب کو فالو نہیں کرتے۔
نادیہ خان نے کہاکہ ہم اپنے ارد گرد اور اہل خانہ کے لوگوں سے سنی سنائی باتوں کو آگے بڑھاتے ہیں، جس سے ہم اپنے مذہب سے بھی دور ہوتے جاتے ہیں۔
نادیہ خان نے اپنی گفتگو میں اداکارہ صائمہ قریشی کا نام نہیں لیا جبکہ ٹی وی میزبانوں نے بھی اداکارہ کا نام نہیں لیا۔
یہ بھی پڑھیں:ملازمہ کو خیرات دے کر تنقید: صحیفہ جبار نے وضاحتی بیان جاری کردیا
کچھ عرصہ قبل اداکارہ صائمہ قریشی نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا تھا کہ ان کے خیال میں عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔