(24نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم کورونا وبا کی تیسری لہر سے نبرد آزما ہیں، قوم سے درخواست ہے کہ عید پر کورونا ایس او پیز پر عمل کریں۔ احتیاط ہمارے دین کا حکم بھی ہے اور سنت رسول ﷺبھی۔
عیدالفطر کے موقع پر اپنےخصوصی پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احساس اور درد ہی انسانی معاشرے کی اصل طاقت اور پہچان ہیں۔ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نےہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔ اللہ رب العزت ہمارے روزوں اور عبادات کو اپنی بارگاہ مبارک میں قبول فرمائے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالی نے ہمیں صبر و شکر اور اپنے نفس اور ضروریات پر قابو پانے کی جس عملی تربیت سے گزارا ہے اس کا مقصد ہمارے اندر دوسروں کی تکالیف، بھوک، پریشانی کا احساس پیدا کرنا ہے۔ احساس اور دوسروں کا درد ہی انسانی معاشرے کی اصل طاقت اور پہچان ہوتے ہیں اور یہی ریاست مدینہ کا خاصہ تھا جو ہمارا رول ماڈل ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم پورا سال اس جذبے کو ساتھ لے کر چلیں اور معاشرے کو انسان دوست بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
عمران خان نے اپیل کی کہ اس سال عید کی خوشیاں مناتے ہوئے اپنے ارد گرد بسنے والے بے کس و بے سہارا افراد خصوصا کورونا کی وجہ سے مشکلات کا شکار خاندانوں کا بھی خیال رکھیں۔ آئیے اس موقع پر ان افراد اور ان خاندانوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں جو بڑے مقاصد کے لئے بڑی قربانیاں دیکر قوم کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں۔ عید کے اس پرمسرت موقع پر ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ہماری قوم کو عید کی خوشیاں نصیب فرمائے اور ہمارے ملک کو آفات سے محفوظ رکھے۔ آمین
دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے عید پیغام میں کہا کہ کورونا کے غیر معمولی حالات کے باعث اس سال عید غیرمعمولی ہے، بحیثیت قوم عید پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا اور سماجی فاصلے کا خیال رکھنا ہے۔خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا کے باعث دنیا بھر میں مسلمان عید سادگی اور کورونا ایس او پیز کے ساتھ منا رہے ہیں۔