(24 نیوز) کریپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں 10 فیصد سے زیادہ گر گئی ۔
تفصیلات کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت گرنے کی وجہ الیکٹرک کار بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک کی جانب سے ٹویٹ ہے جس میں انھوں نے اعلان کیا ہے کہ ٹیسلا اب ماحولیاتی تبدیلی کے خدشات کے پیشِ نظر بٹ کوائن بطور کرنسی تسلیم نہیں کرے گا۔ایلون مسک کے اعلان کے بعد ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں بھی کمی آئی ہے۔
یاد رہے کہ مارچ میں ٹیسلا نے کہا تھا کہ وہ بٹ کوائن کو بطور پیسے لے گا تاہم اس موقعے پر ماحولیات کے حوالے سے کارکنان اور کمپنی کے اپنے سرمایہ کاروں نے غصے کا اظہار کیا تھا۔فروری میں ٹیسلا نے اعلان کیا تھا کہ کمپنی نے 1.5 ارب ڈالر کے بٹ کوائن خرید لیے ہیں۔ تاہم جمعرات کو انھوں نے اپنی مارچ میں دی گئی پالیسی تبدیل کر دی ہے۔
ایلون مسک نے کہا ہے کہ ‘ہمیں بٹ کوائن کی مائننگ میں تیزی سے بڑھتے ہوئے فوسل فیولز کے حوالے سے خدشات ہیں، خاص طور پر کوئلہ جو کہ کسی بھی ایندھن کے مقابلے میں بد ترین ایمیشنز چھوڑتا ہے۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی کمپنی اپنے بٹ کوائن بیچے گی نہیں بلکہ انھیں اس وقت استعمال کرے گی ۔ بٹ کوائن زیادہ ماحول دوست طریقوں سے بنایا جائے گا۔ماہرین کا خیال ہے کہ ٹیسلا نے ایسا اس لیے کیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کے خدشات کو کم کیا جا سکے جو کہ ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل کو ترجیح دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک کاعیدالفطر پر نئے کرنسی نوٹ جاری نہ کرنےکا فیصلہ