(24نیوز)قضا روزے پر بھی تنازعہ شروع ہو گیا،عید الفطر کے چاند کے معاملہ پر نائب مہتمم دارلعلوم ذکریہ ترنول مفتی اویس عزیز کا ردعمل بھی آگیا۔
مفتی اویس عزیز کا کہنا ہے کہ مفتی منیب الرحمن جب کمیٹی کے چیئر مین تھے ۔مسلک کے اختلاف کے باعث اپنے ہم مسلک جیّد عالم دین مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے فیصلے کو رد کردیتے تھے۔
مفتی اویس عزیز کے مطابق ہمارا موقف تھا کہ مجاز اتھارٹی (قاضی) کے فیصلے کو ہی مانا جائیگا، اب بھی ہمارا موقف یہی ہے کہ مجاز اتھارٹی کا فیصلہ ہی ہمارے لئے قابل قبول ہے اس لئے موجودہ صورتحال میں روزے کی قضا کی کوئی ضرورت نہیں ہے، مرکزی کمیٹی کے فیصلے کے مقابل قضا کا فتویٰ انتشار پھیلانے اور مسلکی تعصبات کو فروغ دینے کی ناکام کوشش ہے ۔
پاکستان علما کونسل کے سر براہ حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ آج جمعرات کو نظر آنیوالےچاند سے واضح ہو گیا کہ رویت ہلا ل کمیٹی کا چاند نظر آنے کا فیصلہ درست تھا۔ شرعی ہدایات کے مطابق شہادتوں کودیکھتے ہوئے تاخیرہوئی۔اس لئے روزہ کی قضاہے نہ اعتکاف دوبارہ کر نے کی ضرورت ہے ۔پوری قوم حتیٰ کہ فیصلے سے اختلاف کرنے والوں نے بھی عید منائی۔
واضح رہے کہ سابق چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کراچی کے علاقے گلبرگ کے ٹی گراونڈ میں عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر مذہبی امور نے من پسند کمیٹی تشکیل دی ۔آدھی رات کو عید کا اعلان کیا گیا جس پر دکھ ہوا۔ مسلمان ایک روزے کی قضا رکھیں اورجو اعتکاف میں بیٹھے تھے وہ ایک دن کا اعتکاف بھی کریں ۔ میں جمعے کو روزہ رکھوں گا،مفتی منیب نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں متوازی اعلان کرتا تو کہا جاتا کہ منصب پر نہیں رہا تو ایسی باتیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے ارکان بتاتے رہے کہ کوئی شہادات موصول نہیں ہوئی، ہمیں بالواسطہ بھی اطلاعات موصول ہوئی، حکومتی ماہرین بھی بتاتے رہیں، اسکے باوجود آدھی رات کو عید کا اعلان کردیا گیا، بس اسکا انتظار تھا کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی اعلان کریں۔ مرکزی کمیٹی اسپر انگوٹھا لگائے۔
ادھر مفتی راغب نعیمی نے بھی اپنے رد عمل میں کہا کہ کل (بدھ )جو چاند دیکھا گیا وہ 19گھنٹے کا چاند تھا۔علان کے تاخیر سے تحفظات پیداہوئے۔ موسم ابرآلودہونے کے باوجود چاند دیکھاگیا، چاند کا فیصلہ متفقہ نہیں ہے ۔ چاند کی ذمہ داری وزارت مذہبی امور کے پاس ہے ۔ رات کے اعلان سے ایک روزہ اور ایک دن کا اعتقاف خراب ہوا۔
یہ بھی پڑھیں۔ مریم نواز نے تمام ن لیگیوں کو ایک آدمی کی تلاش پر لگا دیا۔۔کیوں؟