(24 نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فلسطینی ہم منصب محمود عباس کو خط لکھ کر اسرائیلی فوج کے مسجد اقصیٰ پر حملوں پر اظہارِ تشویش کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرعارف علوی نے خط میں فلسطینی صدر اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار ، شہید ہونے والوں کیلئے اظہارِ افسوس اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے فلسطینی صدر سے کہا کہ معصوم بچوں اور فلسطینیوں کے قتل پر آپ کے پاکستانی بہن بھائی آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستان فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی تشدد اور غیر قانونی اقدمات کی پرزور مذمت کرتا ہے۔اسرائیلی اقدامات انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور اِنسانی اقدار کے خلاف ہیں، ہم فلسطینیوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے، فلسطین کے حقوق کیلئے بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اور ایک آزاد، پائیدار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کا حامی ہے۔ پاکستان 1967 سے قبل کی سرحد اور القدس شریف بطور فلسطینی دارلحکومت کا حامی ہے۔ پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
یا د رہے کہ اس سے قبل وز یر اعظم عمرا ن خا ن نے بھی فلسطینی صدر محمود عبا س کو ٹیلی فون کر کے اسرائیلی فوج کے مسجد اقصیٰ پر حملوں پر اظہارِ تشویش کیا تھا۔وزیراعظم عمران خان اور فلسطینی صدر نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی۔ اس دوران وزیراعظم نے مسجد اقصیٰ میں عبادت کے دوران اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقوق کیلئے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں:چودھری برادران نے نماز عید گجرات میں ادا کی۔۔ وطن عزیز کے دفاع و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کیں