(ویب ڈیسک)قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے لاہور کے جناح ہاؤس اور دیگر فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالے بیشتر شرپسندوں کی شناخت کرلی ، ملزموں کیخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے جناح ہاؤس ،کور کمانڈر ہاؤس اور دیگر عسکری تنصیبات پر حملوں اور توڑ پھوڑ میں ملوث بیشتر افراد کی قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے شناخت کرلی ہے،مشتعل افراد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد جناح ہاؤس کو جلانے، توڑ پھوڑ کرنے اور قیمتی اشیاء و دستاویزات چوری کرنے کی پُرتشدد کارروائیوں میں حصہ لیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق پُرتشدد کارکن مسلح آتشیں اسلحہ، ڈنڈے، پتھر و پیٹرول بم سے لیس تھے، ان شرپسندوں میں لاہور کے رہائشی دانش منیر، سعود، عدنان اشرف، علی حسن عباس، چودگعی مسعود معراج، علی افتخار، وقاص پرویز، یوسف گلزار اور محمد ارسلان شامل ہیں،جن شرپسندوں کی شناخت کی گئی ہے ان میں لودھراں کے محمد تیمور جعفر، پاک پتن کے عامر حمزہ، ملتان کے سجاد سعید اور اوکاڑہ کے علی رضا بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہنگامہ آرائی واقعات،پنجاب حکومت کا بڑافیصلہ
دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے جناح ہاؤس لاہور میں توڑ پھوڑ کرنے اور اہم سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسند عناصر تک پہنچنے کیلئے عوام سے مدد کی اپیل کردی،گرفتاری پر 2 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے جناح ہاؤس لاہور اور عسکری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے والے ملزموں کی شناخت کے بعد تصاویر پر مبنی اشتہار جاری کردیا، جس میں انہیں تلاش میں مدد کرنے والوں کیلئے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہا ہے کہ ملزموں کی اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا،اس سے قبل محکمہ داخلہ نے واقعے میں ملوث ملزموں کے نام اور شناخت بھی جاری کی تھی۔