(ویب ڈیسک) متنازع ٹک ٹاکر حریم شاہ کی جانب سے انٹرنیٹ سروسز بحال نہ کرنے کی صورت میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو ویڈیوز بحال کرنے کی دھمکی دیے جانے کے بعد انٹرنیٹ سروسز بحال ہونے پر عوام ان کا شکریہ ادا کر رہا ہے۔
ملک بھر میں 9 مئی سے موبائل انٹرنیٹ سروسز اور سوشل میڈیا ایپس کی بندش سے معمولات زندگی سخت متاثر ہوئی تھیں، جس پر متعدد شوبز اور سماجی شخصیات نے حکومت سے جلد سروسز بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
ایسی ہی شخصیات میں ٹک ٹاکر حریم شاہ بھی شامل ہیں، جنہوں نے انٹرنیٹ سروسز کی بحالی کے لیے مختلف طریقہ اپنایا، جس کے بعد وہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گئیں۔
حریم شاہ کے نام سے بنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں لکھا گیا تھا کہ ’اگر رانا جی نے آج رات (11 اور 12 مئی کی درمیانی شب) تک انٹرنیٹ بحال نہ کیا تو میں نے ساری وڈیوز بحال کردینی ہیں‘۔ ساتھ ہی ٹک ٹاکر نے وزیر داخلہ کو بھی مینشن کیا، جس کے بعد حریم شاہ کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور ملک میں انٹرنیٹ سروسز بحال ہونے کے بعد 13 مئی کو بھی ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ میں شامل رہا۔
حریم شاہ کے نام سے بنے اکاؤنٹ سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اگر انٹرنیٹ سروسز بحال نہیں ہوئیں تو پھر ٹک ٹاکر کون سی ویڈیوز بحال کریں گٰی۔ بظاہر ٹک ٹاکر نے عام ویڈیوز بحال کرنے کی بات کی، تاہم زیادہ تر لوگوں نے خیال ظاہر کیا کہ حریم شاہ رانا ثنا اللہ کی ویڈیوز لیک کرنے کی دھمکی دے رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: پرینیتی چوپڑا کی منگنی، پریانکا چوپڑا دہلی پہنچ گئیں
ان کے نام سے بنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ماہانہ فیس کے عوض بلیو ٹک بھی موجود ہے اور ان کی ٹوئٹ کے بعد لوگوں نے اس پر طرح طرح کے تبصرے کیے جب کہ ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ بھی کیا گیا، جس کے بعد ملک میں کشیدہ حالات کے باوجود ان کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں آگیا۔
ملک کے خراب حالات سے پریشان عوام نے جہاں حریم شاہ کی ٹوئٹ پر دلچسپ تبصرے کیے، وہیں لوگوں نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا کہ ان کی ایک دھمکی نے انٹرنیٹ سروسز بحال کروادیں۔