امن کو خراب کرنے والی قوتوں کی کوئی جگہ نہیں: آرمی چیف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ امن کو خراب کرنے والی قوتوں کی کوئی جگہ نہیں، فوجی تنصیبات پر کسی قسم کا مزید حملہ برداشت نہیں کرینگے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کوششوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے افسروں سے خطاب، قومی سلامتی کو درپیش خطرات پر خصوصی طور پر گفتگو کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے سیاہ دن کی توڑ پھوڑ میں ملوث منصوبہ سازوں، اکسانے والوں اور عمل کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا، دشمن عناصر کی جانب سے مسلح افواج کو نشانہ بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستانی عوام کی حمایت سے تمام مذموم کوششیں ناکام بنا دیں گے، مسلح افواج کی تنصیبات کی سیکیورٹی و تقدس کی خلاف ورزی کی مزید کوئی کوشش برداشت نہیں کریں گے، امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔