گندم اسکینڈل پر وزیراعظم برہم، پاسکو افسران معطل، اسٹاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا حکم
وزیراعظم نےچار لاکھ میٹرک ٹن اضافی گندم خریدنے کی ہدایت بھی کردی ،کسانوں کی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے،شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی )گندم اسکینڈل پر وزیراعظم شہبازشریف برہم،ایم ڈی پاسکو اور جنرل مینیجر پروکیورمنٹ کو معطل کر دیا،پاسکو اسٹاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا حکم دیدیا،وزیراعظم نےچار لاکھ میٹرک ٹن اضافی گندم خریدنے کی ہدایت بھی کردی ۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ کسانوں کی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وزیراعظم میاں شہبازشریف کی زیرصدارت گندم کی طلب و رسد اور خریداری کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم نے پاسکو اسٹاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کردی،شہبازشریف نے استفسار کیا کہ گندم کی خریداری کے لئے موبائل ایپلی کیشن تیار کیوں نا کروائی گئی؟ وزیراعظم نے گندم خریداری کے عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایات پر عمل نہ کرنے اور غفلت برتنے پر پاسکو کے منیجنگ ڈائریکٹر اور جنرل مینجر پروکیورمنٹ کو معطل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاسکو چار لاکھ میٹرک ٹن اضافی گندم کی شفاف اور مؤثر طریقے سے خریداری کرے، کسان کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائےگا، حکومت ملک میں غذائی تحفظ یقینی بنانے کے حوالے سے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے، کسان کے معاشی تحفظ کے لیے اجناس کی انشورنس کو یقینی بنایا جائے۔
ضرورپڑھیں:آزاد کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس آج ہوگا
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔حکومت ملک میں غذائی تحفظ کے حوالے سے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے ۔اچھی کارکردگی دکھانے والے پاسکو مراکز اور افسران کا انتخاب کیا جائے گا اور ان کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر اقتصادیات احد خان چیمہ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں گندم کی خریداری نہ ہونے پر کسان سراپا احتجاج ہے،مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف بھی احتجاج اور دھرنوں کی کال دی گئی ہے۔