عمران خان نے کہا ہے کہ ڈائیلاگ کریں گے، ڈیل نہیں,بیرسٹر گوہرخان

May 13, 2024 | 16:29:PM

Read more!

(ارشاد قریشی)   چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ توشہ خانہ پر چوتھا کیس بنانے کی تیاری ہورہی ہے، نیب کو بانی پی ٹی آئی کیخلاف استعمال کیا جارہا ہے ۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ معافی ان سے مانگی جائے، ہم نے 9 مئی کی مذمت کی ہے، تحقیقات جوڈیشل کمیشن کے ذریعے کی جائے۔

اُن کا کہنا تھا  کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے رول آف لاء ہوگا تو استحکام آئے گا، ملک میں سیاسی استحکام ہو گا تو ملک ترقی کرے گا،ایک مخصوص جماعت  کو جلسے کی اجازت نہیں دی جاتی، عدلیہ کا احترام ہے اور اعتماد ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ  بانی پی ٹی آئی نے کہاہے کہ ڈائیلاگ کریں گے، ڈیل نہیں، ڈائیلاگ پاکستان کی خاطر کررہے ہیں، ذاتی مفاد کیلئے نہیں کرینگے، مذاکراتی کمیٹی میں آج تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، پولیٹکل سٹیٹمنٹ لیڈر ایک دوسرے کے خلاف دیتے رہتے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نے ٹیکس کلیکشن اور آئی ایم ایف پروگرام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ طاقت کا سرچشمہ طاقت ور حلقے ہوں، عدلیہ سے درخواست ہے کہ عدت کے کیس کی کل سماعت کریں اور التوا کے بجائے فیصلہ کریں، سابق نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کے فارم 47 سے متعلق بیان پر عدالت میں جا رہے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے ایشو پر بانی پی ٹی آئی نے تشویش کا اظہار کیا ہے، کشمیر کے عوام کو ریلیف دینا چاہیے جو ان کا حق بنتا ہے اور تشدد کے بجائے تحمل سے کام لیا جانا چاہیے, پی ٹی آئی عوامی مطالبات میں ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔

مزید پڑھیں:  الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں تمام اضافی نشستیں معطل کردی

دوسری جانب  اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کی  بیٹی کا کہنا تھا کہ  آج اڈیالہ جیل آئے ہیں کسی سیکورٹی تھریٹ کی وجہ سے جیل حکام نے ہمیں ملنے نہیں دیا، رات کو کوئی حکم جاری ہوا ہے کہ 3 دن ملاقاتیں بند ہیں،ایک شخص کی بیوی، بیٹی، بہن سے کیا خطرہ ہوسکتا ہے، میری بیوہ پھوپھی  عدت ختم کرکے تعزیت کے لیے یہاں آئی تھیں لیکن وہ افسوس نہ کرسکے۔ ایسا میرے والد نے کیا کردیا کہ بہن کو دلاسہ نہیں دے سکتے وہ ہمارے خاندان کے ہیڈ ہیں۔ میری بیوہ پھوپھی کے آنسو کون پونچھے گا۔

شاہ محمود قریشی کی اہلیہ   کا کہنا تھا کہ ہم بہت دلبرداشتہ ہیں، آج ہمیں نہیں ملنے دیا گیا، ہم اسد وڑائچ سے پوچھتے ہیں سیکیورٹی رسک کیا ہے؟ 3دن تک پابندی لگارہے ہیں کیونکہ سائفر اپیل کا فیصلہ آنا ہے۔ ہم ملاقات کرنے آئے تھے اور کھانا لے کر آئے تھے، شاہ محمود قریشی ٹھیک ہیں، حوصلہ بلند ہے، جب خاندان تک رسائی نہ ملے اس کو دکھ تو ہوتا ہے۔

مزیدخبریں