(24 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آئین توڑنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، سب سے پہلی خلاف ورزی ایوب خان کی، اس جعلی فیلڈ مارشل کی میت قبر سے نکال کر پھانسی دی جائے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سپیکر سے ملاقات کرنے پر شیر افضل مروت کو فارغ کردیا گیا، آج تک یہ فیصلہ نہیں کرسکے کہ چیئرمین (پبلک اکاؤنٹ کمیٹی) پی اے سی کون ہوگا، تمام اپوزیشن ارکان ہی اپوزیشن لیڈر ہیں، آئین توڑنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، آئین کی سب سے پہلی خلاف ورزی ایوب خان نے کی، ایوب خان نے جمہوری حکومت کا تختہ الٹا تھا، آرٹیکل 6 لگانے کا آغاز جعلی فیلڈ مارشل ایوب خان سے ہونا چاہیے، ایوب خان کی میت کو قبر سے نکال کر پھانسی دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سموگ کے تدارک سے متعلق کیس؛جسٹس شاہد کریم وزیر اطلاعات پنجاب کے بیان پر برہم ، خبردار کردیا
انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے بھی آئین توڑا، ان پر بھی آرٹیکل 6 لگائیں، سپیکر صاحب! اپوزیشن کو مرچیں لگ رہی ہیں، مرچیں لگنی بھی چاہئیں، ہم تو مانتے ہیں کہ جنرل ضیا کے ساتھ تھے معافی بھی مانگی، ان لوگوں کو تو یاد ہی نہیں کہ یہ کہاں کہاں تھے، ان کو اتنا خوف ہے وکیلوں کی وردی پہن کر ایوان میں آتے ہیں، امریکی بیانیہ کی جگہ اب لندن پلان نے لے لی۔
خیال رہے کہ خواجہ آصف کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شور شرابہ کیا جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ ایوان میں باہر سے لوگوں کو آنے کی اجازت ہے، خون خرابے کاخدشہ ہے۔