(ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔
ڈالر کے وار جاری، انٹربینک میں روپے کے مقابلے امریکی ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے آغاز پر ہی ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا ہے، ڈالر مزید 17 پیسے مہنگا ہو کر 287 روپے 20 پیسے کا ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گیس بحران میں شدت؟ خطرے کی گھنٹی بج گئی
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ہفتہ کے روز کاروباری دن کے اختتام پر ڈالر 287 روپے 03 پیسے پر بند ہوا تھا اور آج کاروباری ہفتے کے پہلے دن کا آغاز ہوتےہی اس کی قیمت میں مزید 13 پیسے اضافہ ہو گیا ہے۔
علاوہ ازیں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 50 پیسے اضافے کے بعد 288 روپے ہو گئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 72 پیسے کا اضافہ ہوا۔
کاروباری ہفتے کے آغاز سے ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت رجحان دیکھا گیا اور ایک موقع پر 100 انڈیکس 846 پوائنٹس اضافے سے 56237 کی سطح پر پہنچ گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج 1129 پوائنٹس اضافے سے 55 ہزار 391 پر بند ہوا تھا۔