(وقاص عظیم) ازبکستان کے نائب وزیراعظم ڈاکٹر جمشید خدجایف آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
نگران وفاقی وزیر برائے صنعت و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سمیت اعلیٰ حکام نے نائب وزیر اعظم ڈاکٹر جمشید خدجایف کا نور خان ائیربیس پر استقبال کیا۔
اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر جمشید خدجایف نے نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ازبکستان کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ ان کے حالیہ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کو فروغ دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیلی وزیرکا حماس کے حمایتیوں کو ختم کرنے کا اعلان
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کئی سالوں سے قریبی اقتصادی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت گزشتہ تین سالوں میں 27 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 126 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو کہ اب بھی اپنی حقیقی قدر سے بہت کم ہے اور اس میں اضافے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر خدجایف کے دورے سے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔