(کومل اسلم ، عابد چوہدری)پنجاب سمیت ملک بھر میں جاری سموگ کی لہر نے شہریوں کی جان نہ چھوڑی، اولیا ءکا شہر ملتان آج ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے جبکہ لاہور آلودگی کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر براجمان ہے، پنجاب میں سموگ اور دھند کے باعث مختلف موٹرویز کو کئی مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر ملتان کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 597 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم خشک اور سرد رہے گا۔
دوسری جانب آلودگی کے اعتبار سے لاہور کا دنیا میں دوسرا نمبر ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 393 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ڈی ایچ اے کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 896 تک پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح لاہور کے علاقوں غازی روڈ انٹرچینج کا ایئر کوالٹی انڈیکس 647، جوہر ٹاؤن کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 425 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک میں آج داخل ہو گا، 15 اور 16 نومبر کو پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے کے امکانات ہیں جبکہ بارش کے باعث لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں واضح کمی ریکارڈ کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ہیلتھ ایمرجنسی لگائی جائے، سانس کے مریض گھر تک محدود رہیں
ادھر خیبرپختونخوا میں سموگ کم ہونے لگی، صوبائی دارالحکومت پشاور میں سموگ میں واضح کمی آئی ہے، پشاورمیں ایئر کوالٹی انڈیکس 187 پر آ گیا ہے۔
پاکستان کے دیگر آلودہ ترین شہروں میں اسلام آباد کا تیسرا، راولپنڈی کا چوتھا اور پشاور کا پانچوں کا نمبر شمار کیا گیا ہے۔
اس وقت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں کی فضاؤں میں شدید دُھند اور اسموگ کا راج ہے اور بعض مقامات پر حد نگاہ صفر ہو گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی اسموگ اور دھند چھائی ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ اور دھند کے باعث مختلف موٹرویز کو کئی مقامات سے بند کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : شدید دھند اور حد نگاہ میں کمی کے باعث موٹروے مختلف مقامات سے بند
ترجمان سٹی ٹریفک اور موٹروے پولیس کے مطابق سموگ اور دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹروے ایم 2 کو لاہور سے شیخوپورہ تک، موٹروے ایم 4 کو لاہور سے درخانہ تک اور ایم 11 سیالکوٹ موٹروے کو سمبڑیال تک بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا گیا ہے، روڈ یوزرز سموگ اور دھند سیزن میں دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیا کریں، رات کو سفر کرنا پڑے تو گاڑی کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔