شوہرکی دوسری شادی پرمجھے کوئی اعتراض نہیں ہوگا،حراسومرو

عورتوں کومرد پرانحصار نہیں کرنا چاہیے اور نہ پرواہ کرنی چاہیے کہ وہ کتنی شادیاں کر رہے ہیں

Nov 13, 2024 | 14:18:PM

(ویب ڈیسک )نجی ٹی وی کی بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل "تیرے بن" سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ حرا سومرو کا کہنا ہے اگر ایک مرد متحمل ہے اور ایک سے زائد شادیاں کرنا چاہتا ہے تو ضرور کرے ۔

اداکارہ حرا سومرو نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں مردوں کی ایک سے زائد شادیوں سمیت مختلف امور پر کھل کرگفتگو کی۔

حرا سومرونے گفتگوکرتے ہوئے کہا میں سمجھتی ہوں کہ اگر کوئی مرد اپنی بیوی کی جذباتی اور مالی ضروریات پوری کر رہا ہے، اگر وہ تمام بیویوں میں انصاف کر سکتا ہے تو ایک سے زائد شادیاں کر لے، قانون اور مذہب دونوں اسے اس بات کی اجازت دیتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ اگر کسی عورت کا شوہر دوسری شادی کرنا چاہتا ہے اور وہ اپنی بیویوں میں انصاف بھی کر سکتا ہے تو عورت کو مسئلہ نہیں ہونا چاہیے،اگر کوئی مرد خود کو روک نہیں پا رہا، اس کی نیت اور ذہن ایسا ہے تو حرام کام سے بہتر ہے کہ اسے دوسری شادی کر لینی چاہیئے۔

حراسومرو نے کہا کہ آج کل عورتوں کو خود مختار بھی ہوناہے، گھر بھی دیکھنا ہے، بچوں کو بھی دیکھنا ہے، ایسے میں شوہر کو بھی قابو میں رکھنا ہے تو یہ ممکن نہیں ہے، عورتوں کو کسی بھی طرح سے مرد پرانحصار نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی اس کی پرواہ کرنی چاہیے کہ وہ کتنی شادیاں کر رہے ہیں جب تک کہ وہ ان کی اور ان کے بچوں کی تمام ضروریات پوری کر رہے ہیں۔

اداکارہ نے کہا اگر میرے شوہر دوسری شادی کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ کر سکتے ہیں بشرطیکہ وہ میری اور میرے بچوں کی جدوجہد کی قدر کریں اورتمام ضروریات پوری کریں توان کی دوسری شادی پر مجھے کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔

مزیدخبریں