اگرسرحد نہ ہوتی تو ہمارے اداکاربھارت میں زیادہ مقبول ہوتے،بشریٰ انصاری

کبھی میں کبھی تم ڈرامہ بھارت میں بھی بہت زیادہ پسند کیا گیا،وہاں ہمارے اداکار بہت مقبول ہوگئے

Nov 13, 2024 | 15:39:PM

(ویب ڈیسک)سینئراداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحد نہ ہوتی تو ہمارے اداکار پڑوسی ملک میں زیادہ مقبول ہوتے۔

بشریٰ انصاری نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے اپنے ڈرامے "کبھی میں کبھی تم" کے حوالے سے یوٹیوب پرایک مختصر ویڈیو شیئر کی،جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

معروف اداکارہ نے ویڈیو میں کہا کہ "کبھی میں کبھی تم" کی کامیابی سے ثابت ہوگیا کہ مواد کی اہمیت سب سے زیادہ ہے، اداکار کے لباس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اداکار نے مختصر یا مکمل لباس پہنا ہو اس سے نہیں بلکہ مواد سے فرق پڑتا ہے اور اچھے مواد کو سراہا جاتا ہے۔ 

بشریٰ انصاری نے کہاکہ "کبھی میں کبھی تم‘ کو پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی دیکھا اورسراہا گیا اورلوگ انہیں ڈرامے کی وجہ سے بھی پہچاننے لگے ہیں جس پر انہیں خوشی ہوتی ہے،"کبھی میں کبھی تم" پاکستان کے علاوہ بھارت میں  بھی بہت زیادہ پسند کیا گیا،وہاں ہمارے اداکار بچے بہت مقبول ہوگئے ہیں۔

بشریٰ انصاری نے بتایا کہ وہ آج کل کینیڈا میں ہیں اور حال ہی میں وہ ایک ہوٹل میں گئیں تووہاں اسٹاف نے انہیں "کبھی میں کبھی تم" میں اداکاری کی وجہ سے پہچانا اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں جس پر انہیں خوشی ہوئی۔

انہوں نے"کبھی میں کبھی تم"میں فہد مصطفیٰ کی اداکاری اورمحنت کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی سال بعد ڈراموں میں دوبارہ کام کیا ہے۔

 

مزیدخبریں