بھارتی ہٹ دھرمی پر سابق کپتان شاہد آفریدی کا ذومعنی بیان آ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے بھارت کی پاکستان نہ آنے کی ضد نے دنیائے کرکٹ میں ہلچل مچا رکھی ہے، ایسے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ذومعنی پیغام جاری کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے لکھا کہ کرکٹ ایک نازک موڑ پر ہے، کرکٹ شاید 1970 کی دہائی کے بعد سے اب تک کے سب سے بڑے چیلنج کا سامنا کر رہی ہے، یہ وقت ہے کہ اختلافات کو بھلا کر کھیل کو متحد کرنے کا موقع دیا جائے۔
شاہد آفریدی نے مزید لکھا کہ اگر تاریخ نے 2 ممالک کو الگ کیا ہو اور وہ اولمپک سپرٹ میں اکٹھے ہو سکتے ہیں تو ایسا کرکٹ چیمپئنز ٹرافی میں کیوں نہیں ہو سکتا؟ اس کھیل کے نگران کے طور پر ہم پر فرض ہے کہ ہم اپنے انا کو قابو میں رکھیں۔
شاہد آفریدی نے تلقین کی کہ ہمیں کرکٹ کی ترقی اور سپرٹ پر فوکس کرنا چاہیئے، پاکستان میں ہر ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی میں دیکھنے کے لیے پرامید ہوں، ساری ٹیمیں ہماری گرمجوشی اور مہمان نوازی کا تجربہ کریں گی۔
انہوں نے پاکستانی مہمان نوازی کا مزید تذکرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ٹیمیں میدان سے باہر کی ناقابل فراموش یادیں اپنے ساتھ لے کر جائیں گی۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے جس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت سمیت دنیائے کرکٹ کی ٹاپ 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ایسی صورتحال میں بھارتی حکومت کی جانب سے کھیلوں میں سیاست کو لانے کی پرانی عادت گئی نہیں اور ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر سے میگا ایونٹ کے انعقاد کے لئے ہائبرڈ ماڈل اور نیوٹرل وینیو کا مطالبہ کیا ہے، لیکن اس بار پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور حکومت پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور میگا ایونٹ کے لئے کسی نیوٹرل وینیو یا ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپئنزٹرافی: پاکستان کے سخت مؤقف نے آئی سی سی کی پریشانیاں بڑھا دیں