(مانیٹرنگ ڈیسک)بالی ووڈ پروڈیوسر اور اسکرپٹ رائٹر سلیم عبدالرشید خان نے کہا ہے کہ امیتابھ بچن نے پیشہ ورانہ طور پر شاندار اننگز کھیلی ۔۔۔اب خود کو دوڑ سے آزاد کرلینا چاہئے نے اپنے کیرئیر میں بہت کچھ حاصل کرلیا ہے،اب ان کو ریٹائر ہوجانا چاہیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلیم خان نے اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران بالی ووڈ بِگ بی امیتابھ بچن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’امیتابھ بچن کو اب ریٹائر ہوجانا چاہیے کیونکہ اُنہوں نے وہ سب کچھ حاصل کر لیا ہے جو اُنہیں اپنی زندگی میں حاصل کرنا تھا۔‘
سلیم خان نے امیتابھ بچن کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’زندگی کے چند سال اپنے لیے بھی رکھنے چاہیے، امیتابھ بچن نے پیشہ ورانہ طور پر شاندار اننگز کھیلی ہیں، اُنہوں نے اچھا کام کیا ہے لہٰذا اب اُنہیں خود کو دوڑ سے آزاد کرنا چاہیے اور ریٹائرمنٹ لینی چاہیے۔‘
اُنہوں نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’ہماری زندگی کے ابتدائی سال مطالعے اور چیزوں کو سیکھنے میں گزارے جاتے ہیں، پھر آپ پر خاندان کی ذمہ داریاں ہوتی ہیں، مثال کے طور پر، میری دنیا اب محدود ہے، میں جن لوگوں کے ساتھ چلتا ہوں وہ فلمی دُنیا سے نہیں ہوتے۔‘
سلیم خان نے مزید کہا کہ ’امیتابھ بچن ہیرو تھے اور وہ اب بھی ہیں لیکن اب اس دور میں امیتابھ بچن کے لیے کسی فلم میں مرکزی کردار نہیں ہوسکتا ۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’ہماری فلموں میں تکنیکی بہتری آئی ہے، موسیقی اور ایکشن بہتر ہوا ہے لیکن ہمارے پاس اچھے اسکرپٹ نہیں ہیں۔‘
واضح رہے کہ سلیم خان نے پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ 1973ء میں بننے والی فلم ’زنجیر‘ میں کام کیا تھا جس میں پران اور جیا بچن بھی تھیں۔ انہوں نے مل کر شعلے، دیور، مجبور، ڈان ترشول، کالا پتھر اور دوستانہ جیسی کامیاب فلمیں دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’’ویلڈن‘‘ پولیس اہلکار نے کمال کر دیا۔۔شہری کو بچاتے ہوئے گولی کھا لی۔ویڈیو وائرل