نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کیلئے سمری وزیراعظم آفس کو موصول

Oct 13, 2021 | 17:46:PM

(24نیوز) نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کیلئے بھیجی گئی سمری وزیر اعظم آفس کو موصول ہوگئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کا اعلان کیا جائے گا۔دوسری جانب ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کے لئے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل کی طویل ملاقات بنی گالہ میں ہوئی ، ذرائع کے مطابق ون آن ون ملاقات کی تجویز 2 وزرا نے دی تھی ۔ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کیلئے 3 ناموں کی سمری دوبارہ بھیجنے کی تجویز دی گئی تھی ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ افغانستان کی صورتحال میں لیفٹننٹ جنرل فیض حمید کا کردار اہم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمیدمارچ 2022تک ڈی جی آئی ایس آئی رہتے تو بہتر تھا۔ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ لیفٹننٹ جنرل فیض حمید کیلئےکور کمانڈ کرنا بھی اہم ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کیلیے تحریری سمری وزیراعظم آفس کو نہیں ملی تھی۔ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر پہلے زبانی مشاورت ہوئی تھی ۔حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم اورآرمی چیف کی ملاقات خوشگوار پیشہ ورانہ ماحول میں ہوئی۔

ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے وزیراطلاعات فواد چودھری نے بھی ٹویٹ کیا ہے ۔فواد چودھری نے ٹویٹ کیا کہ ‏وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے  تقررپر مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔وزیراطلاعات نے کہا کہ نئی تقرری کا پراسس شروع ہو چکا ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کیلئے تمام ادارے متحد اور یکساں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینے پر کوئی مسائل نہیں: افغان کرکٹ چیف

مزیدخبریں