(ویب ڈیسک) سرسید پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2 جعل ساز بھائیوں کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان احساس پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر سادہ لوح افراد سے جعلسازی ملوث ہیں۔ پولیس نے ملزمان سے 13 لاکھ سے زائد نقدی، سم کارڈز، ڈیوائسز، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔
ایس ایچ او سرسید ٹاؤن شاہد تاج نے بتایا کہ پولیس نے نارتھ کراچی سیکٹر سیون سی کچی آبادی میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر 2 ملزمان ناظم شاہ اور نوید شاہ کو گرفتار کرلیا جو کہ سگے بھائی ہیں اور ان کا تعلق راجن پور سے ہے جس میں ایک بھائی بارڈر ملٹری پولیس کا اہلکار اور دوسرا بھائی سی ٹی ڈی راجن پور کا برطرف اہلکار ہے۔
شاہد تاج نے بتایا کہ گرفتار ملزمان احساس پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر سادہ لوح افراد سے جعلسازی کرتے تھے جبکہ ان کا ایک ساتھی جو کہ ہیکر ہے اور اس کا تعلق بدین سے ہے وہ گرفتار ملزمان کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور احساس پروگرام کا ڈیٹا مہیا کرتا تھا۔
ملزمان لوکل ریٹیلرز سے خواتین کے فنگر پرنٹ حاصل کرتے تھے جو کہ سم کے خریدتے وقت لیے جاتے ہیں بعدازاں گرفتار ملزمان ان فنگر پرنٹ کی مدد سے ان کا سلیکون سے فنگر پرنٹ تیار کرتے تھے اور آسانی سے پیسے نکلوا لیتے تھے جبکہ ملزمان کو OTP کوڈ ان کا ہیکر دوست ہی فراہم کرتا تھا۔
شاہد تاج نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا گروہ انتہائی منظم طریقے سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرچکا ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، پرنٹر، 300 سے زائد سم کارڈ ایکٹی، ڈیوائسز اور 13 لاکھ 27 ہزار روپے نقد برآمد ہوئے ہیں ملزمان کا گروہ کراچی سمیت ملک بھر میں پھیلا ہوا ہے۔