(فیاض جعفری) خیرپور ناتھن شاہ پر ایک اور قیامت ٹوٹ پڑی۔ المناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد لقمہ اجل بن گئے، ہر طرف کہرام کا سماں، فضا سوگوار ہے۔
تفصیلات کے مطابق نوری آباد کے قریب خیرپور ناتھن شاہ کے سیلاب متاثرین کی بس کو المناک حادثہ پیش جس میں 18 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔
جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جس میں کئی کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سرور، مریم، ریشمہ، سویرا، اقرار، رخسانہ، مومن، صنم، سسئی، رخی، افسانہ، انیلا، ذلیخاں، تانیہ، عبرینہ، حانیہ اور دیگر شامل ہیں۔ تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
واضح رہے 31 اگست کو خیرپور ناتھن شاہ کے لئے ایک قیامت کی رات تھی، جب سیلاب نے گھیر لیا اور پھر اسی رات متاثرہ خاندان کے افراد کو کراچی میں پناہ گزین ہوئے تھے۔
اب جب سیلابی پانی میں کمی آئی تو متاثرہ خاندان کے افراد واپس اپنے گھروں کی طرف آ رہے تھے کہ نوری آباد کے قریب ہولناک حادثہ پیش آیا، خیرپور ناتھن شاہ میں اس وقت سوگ کا سماں ہے۔
نوری آباد بس حادثہ میں جاں بحق افراد کی میتیں خیرپور ناتھن شاہ پہنچا دی گئیں۔ میتیں پہنچنے پر خیرپور ناتھن شاہ میں قیامت صغری برپا۔جاں بحق افراد کی نمازہ جنازہ آج ادا کی جائے گی۔