مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ختم ہونے تک امن قائم نہیں ہو گا:وزیراعظم شہباز شریف

Oct 13, 2022 | 11:53:AM
وزیراعظم شہباز شریف ,قازقستان, سیلاب , بھارت ,24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

آستانہ (ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر عالمی فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کردی ،کہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ختم ہونے تک امن قائم نہیں ہو گا۔ہم بھارت کے ساتھ بامقصد مذاکرات کی توقع رکھتے ہیں، پاکستان اپنی آنے والی نسلوں کے لیے پرامن فضا کا خواہاں ہے، بھارت پر منحصر ہے کہ وہ بامعنی مذاکرات سے ایشیا میں پائیدار امن کے لیے کردار ادا کرے۔


قازقستان میں ایشیا میں روابط اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق سیکا سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا سیکا سربراہی اجلاس سے خطاب فخر کی بات ہے، پاکستان سیکا پلیٹ فارم کو بہت اہمیت دیتا ہے اور قازقستان کی لیڈرشپ کی قدر کرتے ہیں۔ عالمی حدت میں پاکستان ایک فیصد سے بھی کم کا ذمہ دار ہے لیکن سیلاب کے باعث پاکستان کو بہت نقصان ہو رہا ہے اور پاکستان کا ایک تہائی حصہ ڈوب چکا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  سیلاب سے زیر آب علاقے سمندر کا منظر پیش کر رہے ہیں، پاکستان میں ڈوبے افراد کا سب کچھ کھو چکا ہے، سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد بعض ممالک کی آبادی سے بھی زیادہ ہے، پاکستانی معیشت کو سیلاب سے 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچا ہے، ہزاروں کلو میٹر سڑکیں اور انفرا اسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے، سیلابی صورتحال میں مدد کرنے پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی ہے۔

ضرور پڑھیں :زیر عتاب ڈالر نے پھر سے مزاحمت دکھانی شروع کردی

شہباز شریف نے مزید کہا کہ بھارت جمہوریت کا دعویدار ہونے کے باوجو مقبوضہ کشمیر میں فوجی طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے، بھارت نے مقبوضہ وادی کے عوام کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم کر رکھا ہے اور بھارت گزشتہ 7 دہائیوں سے جبر کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ختم ہونے تک امن قائم نہیں ہو گا۔

قازقستان کےدارالحکومت آستانہ میں سیکا کا چھٹا سربراہی اجلاس جاری ہے ،وزیراعظم شہبازشریف، روسی صدر ولادی میرپیوٹن اورترک صدر رجب طیب اردگان سمیت ایشائی ممالک کے سربراہان  شریک ہیں۔