(24 نیوز) سرینگر ہائی وے پر واقع ٹرسٹ کی عمارت پر مبینہ قبضے کے خلاف کیس میں پولیس نے سابق لیگی ایم این اے چوہدری جعفر اقبال و دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ایس ایچ او تھانہ سنگجانی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سرینگر ہائی وے پر واقع ٹرسٹ کی عمارت پر مبینہ قبضے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ ٹرسٹ کے ملکیتی دعویدار عبدالرشید قریشی کی جانب سے وکیل گلباز مشتاق اور ایس ایچ او تھانہ سنگجانی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
عدالت نے ایس ایچ او تھانہ سگجانی سے استفسار کیا کہ آپ نے ایف آئی آر کیوں نہیں دی تھی ؟ جس پر ایس ایچ او تھانہ سگجانی نے ایف آئی آر کی کاپی عدالت کے سامنے پیش کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایس ایچ او سے استفسار کیا کیا وقوعہ ہوا تھا ؟ جس پر ایس ایچ او سنگجانی نے جواب دیا کہ وقوعہ ہوا تھا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو بتایا گیا ہے کہ ملزم سیاسی طور پر بااثر ہیں، کیا ملزم اتنا مضبوط ہے کہ آپ مقدمہ درج نہیں کر رہے تھے؟ وقوعہ ہوا بندے کو گولی لگی پھر بھی آپ نے مقدمہ درج نہیں کیا تھا ؟۔
عدالت نے میڈیکل رپورٹ تیار ہونے اور مقدمہ اندراج ریورٹ کے بعد درخواست نمٹا دی۔