(ویب ڈیسک)پروڈیوسر عمارہ حکمت اور نامور ہدایت کار بلال لاشاری کی سپرہٹ فلم "دی لیجنڈ آف مولا جٹ" کی شاندار نمائش کے دو سال مکمل ہوگئے۔
پاکستان کی اس مہنگی ترین اورہراعتبار سے منفرد فلم کوبہترین سینماٹوگرافی،جانداراداکاری اورجدیدویژول ایفیکٹس کی وجہ سے بہت زیادہ پسندکیاگیاہے،کامیاب نمائش کے 2 سال مکمل ہونے پر فلم کی پروڈیوسرعمارہ حکمت اورفلم کے ڈائریکٹر بلال لاشاری کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے،انہوں نے اس کامیابی کو فلمی شائقین کے نام کر رکھا ہے،اس حوالے سے شوبز حلقوں اور فلمی شخصیات کی جانب سے"دی لیجنڈ آف مولا جٹ" کی ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی جارہی ہے۔
پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ ساز اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی اس سپر ہٹ فلم "دی لیجنڈ آف مولا جٹ"کو 2 برس قبل 13 اکتوبر2022ء کودنیابھرمیں 400 سے زائدسکرینز پر ریلیز کیا گیا تھا اور یہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی کامیاب ترین فلم ثابت ہوئی ہے۔
فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری نے حال ہی میں بالی ووڈ فلم فیسٹیول ناروے میں "دی لیجنڈ آف مولا جٹ" کے لئے بہترین فلم ساز کاایوارڈ جیتا تھا،اس کے علاوہ انہیں ان کی خدمات پرپاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈ "ستارہ امتیاز "کیلئے بھی نامزد کیا گیا۔
"دی لیجنڈ آف مولا جٹ" 2022 میں برصغیر کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی جس نے ریلیز کے چوتھے ہفتے میں دنیا بھر میں اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پنجابی فلم کے ریکارڈ توڑ ڈالے۔اس سے پہلے یہ فلم کئی دوسرے ریکارڈ بنانے میں بھی کامیاب ہوچکی ہے ،یہ فلم برطانیہ اور روس میں ریلیز ہونے کے بعد دنیا بھر میں 15 لاکھ سے زائد امریکی ڈالرز کا بزنس کرچکی ہے۔
"دی لیجنڈ آف مولا جٹ"میں فواد خان، ماہرہ خان، حمائمہ ملک، حمزہ علی عباسی، مرزا گوہر رشید، علی عظمت، صائمہ بلوچ اور فارس شفیع کے ساتھ ساتھ شفقت چیمہ، نیئر اعجاز، ریشم، بابر علی اور راحیلہ آغا نے بھی اداکاری کے جوہردکھائے تھے ۔