(24 نیوز)بلوچستان کے ضلع کچھی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے تین مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے دو پاسی پل کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر علاقے میں کارروائی کی۔
جیسے ہی فورسز نے دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر ناکہ بندی کی تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
کچھی کے ایس ایس پی دوست محمد بگٹی نے تصدیق کی کہ سکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی اور 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، حکام نے دعویٰ کیا کہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔