صحیفہ جبارخٹک ڈپریشن کے بعدبصارت کے دھندلے پن کابھی شکار

بعض مرتبہ انہیں یہ تک نہیں دکھائی دیتا کہ وہ کیا لکھ رہی ہیں یا پہلے کیا لکھا تھا

Oct 13, 2024 | 13:01:PM
صحیفہ جبارخٹک ڈپریشن کے بعدبصارت کے دھندلے پن کابھی شکار
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) معروف ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبارخٹک نے ڈپریشن اوراٹینشن ڈیفیسٹ ڈس آرڈر کے بعد بصارت کے دھندلے پن کی شکارہونے کاانکشاف کردیا ۔

صحیفہ جبارخٹک نے حال ہی میں انسٹاگرام پراپنی پوسٹ میں انکشاف کیا کہ بصارت کے دھندلے پن کی وجہ سے بعض مرتبہ انہیں یہ تک نہیں دکھائی دیتا کہ وہ کیا لکھ رہی ہیں یا انہوں نے پہلے کیا لکھا تھا۔

معروف اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ حال ہی میں جب وہ دھندلے پن کی وجہ سے اپنی لکھی ہوئی چیزیں پڑھنے سے قاصر تھیں،تب انہوں نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ٹول چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے اپنی ڈائری کے صفحے کو تحریر میں بدلا،انہوں نے چیٹ جی پی ٹی کو اپنی ڈائری  کی ایک تصویر مہیا کی اور ہدایات دیں کہ وہ تصویر میں موجود تحریر کو ٹیکسٹ کی صورت میں فراہم کرے اور حیران کن طور پر اے آئی ٹول نے درست تحریر فراہم کی۔

صحیفہ جبارنے چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے اپنی ڈائری کی تحریر کو حاصل کرنے کےبعد اسے انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا،اداکارہ نے اپنی ڈائری کے صفحے پر لکھا کہ وہ 3 دن بعد اٹھنے کے قابل ہوئی ہیں اور صحت دینے پر وہ خدا کی شکر گزار ہیں،اسی ڈائری کے صفحے میں وہ لکھتی ہیں کہ اگرچہ وہ تین دن بعد گھر سے باہر نکلی ہیں اور واش روم بھی خود ہی جاتی ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی بصارت دھندلی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے صحیفہ جبارخٹک نے اپنی ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ گزشتہ 13 سال سے ڈپریشن کا سامنا کر رہی ہیں لیکن حال ہی میں انہیں یہ شک بھی گزرا کہ وہ "اٹینشن ڈیفیسٹ ڈس آرڈر" (اے ڈی ڈی) کا شکار ہیں۔

اس سے قبل وہ متعدد بار اپنی ڈپریشن پر بات کرتے ہوئے بتاچکی ہیں کہ وہ اس قدر ڈپریشن کا شکار بھی ہوئی تھیں کہ روز اپنے مرنے کی خواہش اور دعا کرتی تھیں،اب انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ وہ بصارت کے دھندلے پن کا شکار ہیں،تاہم انہوں نے اس سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔

عام طور پر بصارت کا دھندلا پن نظر کی کمزوری، مختلف ادویات کے منفی اثرات سمیت آنکھوں کی بیماریوں کی وجہ سے ہوتا ہے، تاہم اس کی دیگر وجوہات بھی ہوسکتی ہیں۔