مولانا کا اسد قیصر سے رابطہ، ایس سی او کانفرنس کے باعث 15 اکتوبر کا احتجاج موخر کرنیکی اپیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عثمان خان) مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے پیش نظر 15 اکتوبر کا احتجاج مؤخر کرنیکی اپیل کی۔
ذرائع کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسد قیصر کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا، آئینی ترمیم کے خدوخال پر مشاورت کی اور کمیٹیوں کی جلد ملاقات پر تبادلہ خیال کیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں ملاقات پر پابندی کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے شنگھائی کانفرنس کے تناظر میں 15 اکتوبر کے احتجاج کو مؤخر کرنے کی اپیل کی، مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کو طبی سہولیات فراہم کرنے اور ان کے ذاتی معالج کو رسائی دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری جانب مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ جےیوآئی کے مسودہ کے اکثر نکات پر دونوں سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے، مزید غور و فکر کے لیے 17 اکتوبر کو دونوں جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوگا، مولانا فضل الرحمان کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز کو پارٹی کے سامنے پیش کروں گا، پارٹی سے مشاورت کے بعد انہیں پارٹی فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال، اسد قیصر کا وضاحتی بیان بھی آ گیا
واضح رہے کہ رواں ماہ 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شیڈول ہے اور پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے بھی 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج کی کال دی گئی ہے۔